کورونا وائرس لاک ڈاؤن: ریلوے اور ایئر لائنز نے بھی 3 مئی تک تمام خدمات کی معطلی میں توسیع کی

نئی دہلی، اپریل 14: مرکز نے منگل کے روز ضروری سامان کی نقل و حرکت کے سوا تمام ریلوے خدمات کی معطلی میں 3 مئی تک توسیع کردی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج دن کے شروع میں ہی اعلان کیا تھا کہ 25 مارچ سے شروع ہونے والے کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے ملک گیر لاک ڈاؤن میں 3 مئی تک توسیع کی جائے گی۔

ہندوستانی ریلوے کے ایک عہدیدار نے بتایا ’’ہم نے یہ فیصلہ توسیع شدہ لاک ڈاؤن کی مدت کو مدنظر رکھتے ہوئے لیا ہے۔ مزید تازہ کاریاں جلد ہی دستیاب ہوں گی۔‘‘

 

ہندوستانی ریلوے نے مزید کہا کہ ’’آئندہ اطلاع تک‘‘ کسی پیشگی ریزرویشن کی اجازت نہیں ہوگی۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ’’ریلوے اسٹیشنوں اور ریلوے اسٹیشن احاطے سے باہر کنفرم/ یا بغیر کنفرم ٹکٹوں کی بکنگ کے لیے تمام کاؤنٹر 3 مئی 2020 تک بند رہے ہیں۔

دریں اثنا ہوائی وزارت نے بتایا کہ تمام قومی اور بین الاقوامی پروازوں کی کارروائیوں کو 3 مئی کی رات 11.59 بجے تک معطل رکھا جائے گا۔ ہندوستان نے 22 مارچ سے تمام بین الاقوامی پروازوں اور 25 مارچ سے تمام گھریلو پروازوں کو معطل کردیا تھا۔ تاہم گھریلو کارگو پروازیں کام جاری رکھیں گی۔

مرکزی وزیر سول ایوی ایشن (آزاد چارج) ہردیپ سنگھ پوری نے ٹویٹ کیا ’’لاک ڈاؤن میں 3 مئی تک توسیع کی اچھی وجوہات سے ہیں۔ اس کے بعد ہم گھریلو اور بین الاقوامی دونوں پروازوں پر پابندیاں ختم کرنے پر غور کرسکتے ہیں۔ میں ان لوگوں کو درپیش پریشانیوں کو سمجھتا ہوں جنھیں سفر کرنے کی ضرورت ہے اور ان سے ہمارے ساتھ اسے برداشت کرنے کی درخواست کی ہے۔‘‘

 

مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کے مطابق اب تک ملک بھر میں کورونا وائرس کے 10،363 معاملات سامنے آئے ہیں۔ کوویڈ 19 سے 339 مریضوں کی موت ہوچکی ہے، جب کہ 1،035 صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔