کورونا وائرس: بہار میں عوامی مقامات پر تھوکنے پر پابندی عائد، مجرموں کو 6 ماہ قید یا جرمانہ ہوگا

بہار، اپریل 14: بہار کے محکمۂ صحت نے کورونا وائرس کے پیش نظر عوامی مقامات پر تھوکنے سے منع کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ تعزیرات ہند کے تحت ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر 200 روپیے جرمانہ یا چھ ماہ قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

اس پابندی کو وبائی امراض ایکٹ 1897 کی دفعات کے تحت نافذ کیا گیا ہے۔

بہار کے پرنسپل سکریٹری (صحت) سنجے کمار کے حکم میں کہا گیا ہے ’’ریاست میں عوامی مقامات جیسے گلیوں، سڑکوں، سرکاری اور غیر سرکاری عمارتوں، پولیس اسٹیشن کے احاطے اور تمام صحت و تعلیمی اداروں میں تمباکو، گٹکے، پان مسالہ، بیڑی اور سگریٹ کے استعمال کے بعد تھوکنے پر مکمل طور پر پابندی ہے۔ اس سے کوویڈ 19 علاوہ تپ دق جیسی متعدد سنگین بیماریوں کے پھیلاؤ کا خطرہ ہے۔‘‘

مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے مطابق بہار میں اب تک کورونا وائرس کے 65 واقعات سامنے آئے ہیں، جن میں ایک کی موت ہو گئی ہے، جب کہ 26 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ وہیں ملک بھر میں 10،363 کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور 339 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔