کورونا وائرس: ریاست میں متاثرین کی تعداد 3000 سے تجاوز کرنے کے بعد مہاراشٹر نے لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع کی

ممبئی، مئی 17: وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ مہاراشٹر نے ریاست میں لاک ڈاؤن کو 31 مئی تک بڑھا دیا ہے۔ پنجاب اور میزورم پہلے ہی اسی طرح کی توسیع کا اعلان کر چکے ہیں۔

حکومت کے ذریعے جاری کردہ بیان کے مطابق ’’… ریاستی حکومت کا ماننا ہے کہ ریاست مہاراشٹر کو کوویڈ 19 وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ ہے … اسی لیے ریاست مہاراشٹر میں لاک ڈاؤن کو 31 مئی 2020 کی آدھی رات تک بڑھانا بہتر ہے۔‘‘

واضح رہے کہ مہاراشٹر میں اب تک مجموعی طور پر 30،706 کورونا وائرس کے معاملات سامنے ہیں، جن میں 1،135 اموات بھی شامل ہیں۔ مہاراشٹر کورونا وائرس سے ہندوستان کی بدترین متاثرہ ریاست ہے۔ وزارت صحت کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں 7،088 صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

ہفتے کے روز وزیر اعلی پنجاب امریندر سنگھ نے بھی اعلان کیا تھا کہ ان کی ریاست میں کورونا وائرس سے منسلک لاک ڈاؤن 31 مئی تک جاری رہے گا۔ تاہم ریاستی حکومت اب کوئی کرفیو نافذ نہیں کرے گی۔

سنگھ نے پیر سے محدود پبلک ٹرانسپورٹ خدمات کو دوبارہ شروع کرنے کا اشارہ بھی دیا اور مزید کہا کہ ان کی انتظامیہ 18 مئی سے چھوٹ کے بارے میں مزید اعلانات کرے گی۔

اس سے قبل جمعہ کے روز میزورم نے بھی ریاست میں لاک ڈاؤن کو 31 مئی تک بڑھا دیا ہے۔ وزیر اعلی زورامتھنگا نے کہا کہ اس لاک ڈاؤن میں توسیع کرنا عوامی تحفظ کو برقرار رکھنے کے لیے اہم تھا۔ حالاں کہ 9 مئی کو ریاست کے واحد مریض کے صحت یاب ہونے کے بعد ریاست کو ’’گرین زون‘‘ قرار دے دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ آج ملک گیر لاک ڈاؤن کا آخری دن ہے اور شام کے وقت تک لاک ڈاؤن کے چوتھے مرحلے سے متعلق تفصیلات متوقع ہیں۔

آج صبح تک ملک بھر میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد بڑھ کر 90،927 ہوگئی اور اموات کی تعداد 2،872 تک جا پہنچی ہے۔