مہاجر مزدوروں کے لیے ٹرینیں چلانے کے معاملے پر وزیرِ ریل سیاست کررہے ہیں: بھوپش بگھیل

چھتیس گڑھ، مئی 17: ریاست کے وزیر اعلی بھوپش بگھیل نے ریلوے کے وزیر پیوش گوئل پر تارکین وطن مزدوروں کے لیے ٹرینیں چلانے کے معاملے پر سیاست کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ وہ ایسا نہ کریں اور ریاستوں کے ساتھ مل کر کورونا وائرس کا مقابلہ کریں۔

گوئل نے مغربی بنگال، راجستھان، چھتیس گڑھ اور جھارکھنڈ جیسی ریاستوں سے مزید ٹرینوں کی منظوری کی اپیل کی تھی اور کہا تھا کہ یہ ریاستیں ٹرینوں کی اجازت نہیں دے رہی ہیں۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق بگھیل نے کہا ’’پیوش گوئل جی نے پہلے کہا کہ چھتیس گڑھ میں ٹرینوں کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ ہم نے انھیں جواب دیا کہ ریاست نے تمام منظوری دے دی ہے۔ چھتیس گڑھ میں ٹرینوں کی آمد و رفت کے لیے کوئی منظوری زیر التوا نہیں ہے۔ لیکن انھوں نے ابھی تک اس پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔‘‘

وزیر اعلی نے کہا کہ گوئل جی سے میری گزارش ہے کہ یہ وقت سیاست کرنے یا چیلنج دینے کا نہیں ہے۔ یہ ایک ساتھ مل کر کورونا وائرس سے لڑنے کا وقت ہے۔ تارکین وطن مزدورو کی مدد کرنے کا وقت ہے۔‘‘

وزیراعلیٰ نے کہا کہ چھتیس گڑھ نے جموں و کشمیر، اترپردیش اور کرناٹک سے بھی ٹرینوں کو چلانے کے لیے اجازت طلب کی ہے، جو تاحال زیر التوا ہے۔

بگھیل نے کہا کہ ریاستی حکومت نے چھتیس گڑھ میں دیگر ریاستوں میں کام کرنے والے تارکین وطن مزدوروں کو لے جانے کے لیے 1.16 کروڑ سے زیادہ کی ادائیگی کی ہے۔