کورونا وائرس: اوڈیشہ کے بعد پنجاب نے لاک ڈاؤن میں 1 مئی تک توسیع کی

پنجاب، اپریل 10: پنجاب حکومت نے جمعہ کے روز اعلان کیا ہے کہ ریاست میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے لاک ڈاؤن کو یکم مئی تک بڑھایا جائے گا۔ اوڈیشہ کے بعد پنجاب 21 دن کے لاک ڈاؤن میں توسیع کرنے والی دوسری ریاست بن گیا ہے، جو 14 اپریل کے بعد ختم ہونا تھا۔

وزیر اعلیٰ کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ٹویٹ کیا گیا ہے ک ’’کیپٹن امریندر سنگھ کی سربراہی میں پنجاب کابینہ نے ریاست میں لاک ڈاؤن/کرفیو میں یکم مئی 2020 تک توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ کرفیو میں توسیع کے فیصلے کا مقصد کوویڈ 19 کے کمیونٹی ٹرانسمیشن کو روکنا اور گندم کی خریداری کے سلسلے میں منڈیوں میں بھیڑ بھاڑ کو روکنا ہے۔‘‘

 

اس سے قبل ہی سنگھ نے کہا تھا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کمیونٹی ٹرانسمیشن کے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اس بیماری کے پھیلاؤ کے بارے میں ماہرین کی پیش گوئیاں ’’خوفناک‘‘ تھیں۔ روزانہ پریس بریفنگ کے دوران وزارت صحت اور خاندانی بہبود نے اس بات کی تردید کی ہے کہ ہندوستان میں یہ وائرس کمیونٹی ٹرانسمیشن کے مرحلے میں داخل ہے۔

وزارت صحت کے جمعہ کی شام کے اعداد و شمارکے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 132 واقعات ہیں جن میں سے 11 کی موت ہو چکی ہے۔

جمعرات کو اوڈیشہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک نے اعلان کیا تھا کہ ان کی ریاست میں لاک ڈاؤن 30 اپریل تک بڑھایا جائے گا۔

وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کے روز وزرائے اعلیٰ سے ملاقات کے بعد ملک گیر لاک ڈاؤن میں توسیع کے بارے میں فیصلہ کر سکتے ہیں۔

وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق آج شام تک ہندوستان میں کورونا وائرس کے 6،761 کیس درج ہوئے ہیں اور 206 افراد کی موت ہوگئی ہے۔ 1،364 کیسوں کے ساتھ مہاراشٹر سب سے زیادہ متاثرہ ریاست ہے۔ اس کے بعد دہلی میں 898 معاملات رپورٹ ہوئے ہیں۔