کشمیر: پی ڈی پی رہنما نعیم اختر کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست میں لیا گیا
سرینگر، فروری 09: جموں و کشمیر انتظامیہ نے ہفتہ کے روز سخت عوامی تحفظ قانون (پی ایس اے) کے تحت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما نعیم اختر پر مقدمہ درج کیا۔ اختر گذشتہ ہفتوں میں کشمیر کے پانچویں ایسے سیاستدان بن گئے جن کے خلاف اس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ یہ قانون دو سال تک بغیر مقدمے کی حراست کی اجازت دیتا ہے۔
گذشتہ ہفتے جموں و کشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی پر بھی اس قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ہفتے کو ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ مفتی پر علاحدگی پسندوں کے ساتھ مبینہ تعاون کرنے کے الزام میں یہ مقدمہ درج کیا گیا۔ دوسرے سیاستدان جن کے خلاف پی ایس اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے وہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما سرتاج مدنی اور نیشنل کانفرنس کے رہنما علی محمد ساگر ہیں۔
ہفتہ کے روز نیشنل کانفرنس کے رہنماؤں مبارک گل اور تنویر صادق، جو سری نگر کے ایم ایل اے ہاسٹل میں نظربند تھے، کو بھی ان کے گھر منتقل کردیا گیا تاکہ انھیں گھر میں نظربند رکھا جائے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس (سیکیورٹی) منیر خان نے بتایا کہ نعیم اختر پر پی ایس اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ گل اور صادق کو ان کے گھر منتقل کردیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا "آج صرف ان تینوں رہنماؤں کو ایم ایل اے ہاسٹل سے باہر منتقل کیا گیا ہے۔”
گذشتہ سال 5 اگست سے ہی اختر بھی دوسروں کی طرح نظربند ہیں، جب مرکز نے ہندوستانی آئین کی دفعہ 370 کے تحت جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو کالعدم قرار دے کر سابقہ ریاست میں کرفیو نافذ کردیا تھا۔
اختر کی بیٹی شہریار خانم نے کہا کہ وہ پی ایس اے کے تحت اپنے والد کی نظربندی پر حیران ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مرکز میں نریندر مودی کی زیرقیادت حکومت نے پچھلے دو دنوں میں یہ بات بالکل واضح کردی کہ "کشمیر میں مرکزی دھارے کے سیاستدان ہی دشمن ہیں”۔
انھوں نے کہا "اس میں ایک بڑا پیغام ہے، پیغام یہ ہے کہ ہمیں کشمیریوں کی بات کی پرواہ نہیں ہے، ہمیں اس کی پرواہ نہیں ہے کہ وہ کیسا محسوس کرتے ہیں، ہمیں اس بات کی پرواہ نہیں ہے کہ اگر ہم بنیادی آئینی حقوق معطل کررہے ہیں تو ہمیں اس کی پرواہ نہیں ہے۔”
اختر کو سرینگر میں گوپکر روڈ پر واقع ایم 5 گورنمنٹ کوارٹرز میں منتقل کردیا گیا ہے۔