کشمیر: سخت سردی سے معمولات زندگی متاثر، فضائی ٹریفک معطل

سری نگر: وادی کشمیر میں گزشتہ دو دنوں سے جاری کڑاکے کی سردی اور گہری دھند نے معمولات زندگی کو متاثر کیا ہے۔ وادی میں شدید دھند کی وجہ سے فضائی ٹرانسپورٹ ہفتہ کو مسلسل دوسرے دن بھی متاثر رہا تاہم ریلوے خدمات جاری ہیں۔ سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دھند کے باعث ہفتے کے روز تمام پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ جمعہ کے روز دھند کی وجہ سے گیارہ پروازیں منسوخ ہوئی تھیں۔

کشمیر میں تعینات شمالی ریلوے کے ایئریا منیجر وپن پروہت کے مطابق وادی میں ریلوے خدمات پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے تاہم شدید دھند کی وجہ سے کھبی کھبار ریل گاڑی کی رفتارمیں کمی واقع ہوسکتی ہے۔

معالجین نے کہا ہے کہ شدید سردی کے پیش نظر عمر رسیدہ اور بچے باہر نکلنے سے احتراز کریں۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں 10 سے 13 دسمبر تک بارشوں اور ہلکی برف باری کا سلسلہ جاری رہے گا تاہم اس دوران 12 دسمبر کو بھاری بارش اور برف باری کی توقع ہے۔ دھند کی شدت سری نگر اور مضافاتی علاقہ جات میں زیادہ ہے جبکہ بالائی علاقوں میں اس کا اثر کم دیکھا گیا۔ سری نگر میں گزشتہ رات رواں موسم سرما کی اب تک کی سرد ترین رات درج کی گئی جب درجہ حرارت منفی 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

(ایجنسیاں)