کشمیر: دو دہشت گردوں کے ساتھ ایک اعلیٰ پولیس افسر گرفتار
نئی دہلی، جنوری 12— کشمیر میں ایک سینئر پولیس آفیسر، جو بہادری کے لیے صدر کے تمغے کا فاتح بھی ہے، ہفتہ کے روز سری نگر جموں شاہراہ پر ایک گاڑی میں دو دہشت گردوں کے ساتھ پکڑا گیا۔
دیویندر سنگھ کے طور پر شناخت ہونے والا سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تعینات پولیس کا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ گرفتار دہشت گردوں کے ساتھ دہلی جا رہا تھا۔
دیویندر سنگھ کو پچھلے سال 15 اگست کو بہادری کے لیے صدر کے پولیس میڈل سے نوازا گیا تھا۔
پولیس نے دیویندر کی بادامی باغ چھاؤنی کی رہائش گاہ سے ایک اے کے 47 رائفل اور دو پستول بھی برآمد کیے ہیں۔ دونوں دہشت گردوں میں سے ایک نوید بابو کے قبضے سے ایک اور اے سی 47 رائفل اور ایک پستول برآمد ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ حزب المجاہدین سے وابستہ ہے۔ دوسرے دہشت گرد کی شناخت آصف کے نام سے ہوئی ہے۔
این ڈی ٹی وی نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ دیویندر اور دونوں دہشت گرد دہلی جارہے تھے۔ تاہم ان کے دہلی جانے کا مقصد فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکا۔ مانا جا رہا ہے کہ وہ 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کے موقع پر قومی دارالحکومت میں دہشت گردی کی کوئی سرگرمی کرنا چاہتے تھے۔
ذرائع کے مطابق دیویندر سنگھ ہفتے کے روز ڈیوٹی سے غیر حاضر تھا اور اس نے اتوار سے چار دن کی چھٹی کے لیے درخواست دی تھی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ تفتیش جاری ہے کہ دونوں دہشت گرد پولیس افسر کی مدد سے دہلی کیوں جا رہے تھے۔
پولیس کے مطابق نوید بابو پر گذشتہ سال اکتوبر اور نومبر میں جنوبی کشمیر میں ٹرک ڈرائیوروں اور مزدوروں سمیت 11 غیر مقامی کارکنوں کی ہلاکت میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ بابو نے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت سے دستبرداری کے بعد کشمیر کی سیب کی صنعت کو نشانہ بنانے کے لیے غیر مقامی لوگوں کو قتل کیا۔
پولیس کے مطابق حزب اللہ کا دہشت گرد نوید بابو سابق اسپیشل پولیس آفیسر (ایس پی او) بھی ہے۔
بابو کی نقل و حرکت اور فون کالز کا سراغ لگاتے ہوئے دیو یندر اور دونوں دہشت گردوں کو پولیس نے گرفتار کیا۔ بابو کے ذریعے اپنے بھائی کو فون کال کرنے کے بعد پولیس کو ان تینوں کا مقام معلوم ہوا۔
بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے دیویندر اور دونوں دہشت گردوں کی گرفتاری کے بعد جنوبی کشمیر میں چھاپوں میں اسلحہ کا بھاری ذخیرہ برآمد کیا۔