کسانوں کے احتجاج کے پیش نظر کانگریس نے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا مطالبہ کیا

نئی دہلی، 2 دسمبر: کسانوں کے احتجاج کے درمیان کانگریس نے آج مرکز سے پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس طلب کرنے کو کہا۔

کانگریس کے رہنما منیش تیواری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرمائی اجلاس بلا تاخیر طلب کیا جائے۔

انھوں نے ٹویٹ کیا ’’کسانوں نے دہلی کا محاصرہ کیا ہوا ہے، معیشت سرکاری طور پر کساد بازاری کا شکار ہے … حکومت کو بغیر کسی تاخیر کے پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس بلانے کی ضرورت ہے۔‘‘

کانگریس کی طرف سے یہ مطالبہ مرکزی حکومت اور 32 کسان یونین قائدین کے مابین ہونے والی بات چیت کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔ بات چیت ناکام رہنے کے بعد مذاکرات کا چوتھا دور جمعرات کو ہوگا۔

تیواری نے یہ بھی کہا کہ کوویڈ کے بڑھتے ہوئے معاملات اور چینی جارحیت کے پیش نظر بھی اجلاس کی اشد ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں اب تک اس وبا میں 1،37،621 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

دریں اثنا حکومت نے جمعہ کو ویکسین کی تقسیم کے معاملے پر تبادلۂ خیال کے لیے کل جماعتی اجلاس طلب کیا ہے۔