کرناٹک: کورونا وائرس سے کم متاثر اضلاع میں شروع ہوں گی معاشی سرگرمیاں
بنگلورو، اپریل 28: کرناٹک ریاست کے کچھ اضلاع میں پابندیوں کو آسان کردے گا، جہاں کورونا وائرس کا اثر کم ہے۔ چیف سکریٹری ٹی ایم وجے بھاسکر کے دستخط شدہ ایک نئے آرڈر کے مطابق یہ نرمیاں عمل میں آئیں گے۔
نئے احکامات کے مطابق چمراجن نگر، کوپّل، چکمگلورو، رائچور، چترادرگا، حسن، شیوموگا، حویری، یادگیر، کولار، اڈوپی، داوانگری اور کوڈاگو اضلاع میں صنعتوں کو کام کرنے کی اجازت ہوگی۔
ان اضلاع میں خصوصی معاشی زون میں مینوفیکچرنگ کی بھی اجازت ہوگی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق عملے کے لیے خصوصی ٹرانسپورٹ خدمات کو یقینی بنایا جائے گا۔
میونسپلٹی حدود سے باہر کی تمام دکانوں کو (مالز کے علاوہ) کھولنے کی اجازت ہے۔ ان اضلاع میں میونسپلٹی حدود میں بھی دکانیں اس وقت تک کھل سکتی ہیں جب تک کہ وہ مارکیٹ کمپلیکس اور مالز میں نہ ہوں۔
سرگرمیوں کے لیے صرف 50 فیصد افرادی قوت کی اجازت ہے اور معاشرتی دوری لازمی ہوگی۔
بنگلورو رورل، بلاری اور مانڈیا سمیت دیگر آٹھ اضلاع میں دکانوں اور صنعتوں سے متعلق فیصلہ ضلع انچارج وزیر کریں گے۔
بنگلورو اربن سمیت بقیہ آٹھ اضلاع میں موجودہ ہدایات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
کرناٹک میں اب تک 500 سے زیادہ کوویڈ 19 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں اور کم از کم 20 اموات بھی ہوئی ہیں۔ حکومت نے بعد میں واضح کیا کہ تمام ریستوران، حجام کی دکانیں اور شراب کی دکانیں بند رہیں گی۔
گذشتہ ہفتے دکانداروں اور خریداروں کو ایک بڑی راحت دیتے ہوئے مرکزی حکومت نے علاقے کی تمام دکانوں کو کھولنے کی اجازت دی تھی۔
مالز، سینما گھر، جم، اسپورٹس کمپلیکس، سوئمنگ پول، بار اور آڈیٹوریم بند رہنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
اس سے قبل مرکز نے وبائی مرض سے متاثرہ معیشت کو فروغ دینے کے لیے زرعی اور تعمیراتی سرگرمیوں کی اجازت دی تھی۔