کورونا وائرس: دہلی، ممبئی اور احمد آباد سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل، نیتی آیوگ نے کہا کہ ملک کی کوویڈ 19 کے خلاف جنگ کا انحصار یہاں قابو پانے پر ہے

نئی دہلی، اپریل 28: نیتی آیوگ کے سی ای اے امیتابھ کانت نے دہلی، ممبئی اور احمد آباد سمیت 15 مقامات کی شناخت ’’ہائی کیس لوڈ‘‘ (زیادہ معاملات والے علاقے) کے طور پر کی ہے اور کہا ہے کہ کوویڈ 19 سے لڑنے میں ہندوستان کی کامیابی کا انحصار انھیں پر ہے۔

ان 15 میں سے سات اضلاع خاص طور پر زیادہ معاملات دکھتے ہیں، جیسے حیدرآباد (تلنگانہ)، پونے (مہاراشٹر)، جے پور (راجستھان)، اندور (مدھیہ پردیش)، احمد آباد (گجرات)، ممبئی (مہاراشٹر) اور دہلی۔

کوویڈ 19 کے خلاف جنگ میں دیگر زیادہ معاملات والے مقامات میں وڈوڈرا (گجرات)، کرنول (آندھرا پردیش)، بھوپال (مدھیہ پردیش)، جودھ پور (راجستھان)، آگرہ (اتر پردیش)، تھانہ (مہاراشٹر)، چنئی (تمل ناڈو) اور سورت (گجرات) شامل ہیں۔

امیتابھ کانت نے ٹویٹ کیا ’’یہ 15 اضلاع کوویڈ 19 کے خلاف ہماری لڑائی میں بہت اہم ہیں، ان میں سے 7 خاص طور پر بہت زیادہ معاملات کا حجم دکھاتے ہیں۔ کوویڈ 19 سے لڑنے میں ہندوستان کی کامیابی انھی پر منحصر ہے۔ ہمیں ان اضلاع میں جارحانہ طور پر نگرانی، پابندی، جانچ اور علاج کرنا چاہیے۔ ہمیں یہاں جیتنا چاہیے۔‘‘

کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے نافذ لاک ڈاؤن کے دوران حکومت نے صحت کی دیکھ بھال کو بڑھاوا دینے، معیشت کو پھر سے کھڑا کرنے اور لوگوں کی پریشانی کو جلد سے جلد کم کرنے کے اقدامات تجویز کرنے کے لیے 29 مارچ کو 11 بااختیار گروپ بنائے تھے۔

مسٹر کانت نجی شعبے کی این جی اوز اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ ہم آہنگی کے لیے بنائے گئے بااختیار گروپ (ای جی 6) کے سربراہ ہیں۔