کرناٹک میں الگ الگ سڑک حادثات میں آٹھ کی موت

ٹمکور: کرناٹک کے ٹمکور ضلع میں دو الگ الگ سڑک حادثات میں آٹھ لوگوں کی جاے حادثہ پر ہی موت ہوگئی جبکہ دو دیگر کی حالت نازک ہے۔ پولیس نے جمعہ کو بتایا کہ جمعرات کی شام کو کنگل تعلقہ میں ہوساکیرے گاوں میں کھڑے ٹریکٹر میں کار نے ٹکر مار دی جس میں پانچ لوگوں کی موت اور ایک دیگر زخمی ہوگیا۔
مرنے والوں کی شناخت کرن (24)، مدھو (24)، موہن (22) راجنا (25) اور رنگاسوامی (58) کے طورپر ہوئی ہے۔ یہ تمام کالاہلی کے رہنے والے ہیں۔ زخمی شخص کا نام ونکٹیش ہے جو بری طرح سے زخمی ہے اور اسپتال میں زندگی اور موت سے لڑرہا ہے۔
یہ حادثہ اس وقت ہوا جب جمعرات کی رات متاثرہ اپنے ایک رشتہ دار رنگاسوامی کی آدچن چناگیری اسپتال اینڈ ریزرسنٹر، ناگامان گالا تعلقہ میں عیادت کے بعد گھرواپس آرہے تھے۔

ایک دیگر حادثہ میں ضلع کی قومی شاہراہ۔48کے سیرا تعلقہ کے جوگی ہلی گاوں کے نزدیک دو ٹرکوں کی ٹکرسے تملناڈو کے تین باشندوں کی موت ہوگئی اور شخص زخمی ہوگیا۔
متاثرین کی شناخت ماڈوین (42)، گنا شیکھر ن (40) اور سن موگم (45) کے طورپر ہوئی ہے۔ انہوں نے بنگلورو کے سولہ ہانکا میں لکڑی کے گٹوں کو اتارنے کے بعد جوگی ہلی میں پٹرول پمپ کے پاس ٹرک کھڑا کر رکھا تھا۔ اسی وقت دوسری طرف سے آرہے ٹرک میں تکنیکی خرابی آنے سے ڈرائیور نے ٹرک پر کنٹرول کھو دیا اور کھڑے ٹرک میں ٹکر مار دی جس سے تین لوگوں کی موت اور ایک دیگر زخمی ہوگیا۔
ٹرک ڈرائیور کمار کو بھی سنگین چوٹیں آئیں اور اسے سیرا کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔