کانگریس کی طلبا یونین NSUI نے بنارس سنسکرت یونی ورسٹی کے طلبا یونین انتخابات میں بی جے پی کی ABVP کو مکمل شکست دیتے ہوئے چاروں نشستوں پر کامیابی حاصل کی

وارنسی، جنوری 9: کانگریس کے طلبہ وِنگ نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (NSUI) نے وارانسی کے سمپورنند سنسکرت وشو ودیالیہ میں طلبا یونین انتخابات میں چاروں نشستوں پر فتح درج کی۔

اس نے آر ایس ایس کی طلبہ وِنگ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) کو شکست دی۔

این ایس یو آئی کے شیوم شکلا نے اے بی وی پی کے ہرشت پانڈے کو بھاری فرق سے شکست دے کر صدر کی نشست جیت لی جبکہ چندن کمار مشرا نائب صدر، اوینش پانڈے نے جنرل سکریٹری کی نشست اور رجنی کانت دوبے نے لائبریرین کا عہدہ حاصل کیا۔

شیوم شکلا نے 709 جب کہ ہرشت پانڈے صدر کے عہدے کے لیے صرف 224 ووٹ لے سکے جب کہ نائب صدر کے عہدے کے لیے چندن کمار مشرا نے 553 ووٹ حاصل کیے۔ جنرل سکریٹری اونیش پانڈے کو 487 ووٹ ملے جب کہ ان کے حریف گورو دوبے 424 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکے۔ لائبریرین کے عہدے کے لیے رجنی کانت دوبے نے 567 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے حریف اجے کمار مشرا نے 482 ووٹ حاصل کیے جب کہ اشوتوش اپادھیاے، شیو اوم مشرا اور ارپن تیواری نے بالترتیب 227 ، 106 اور 21 ووٹ حاصل کیے۔

الیکشن آفیسر پروفیسر شیلیش کمار مشرا نے نتائج کا اعلان کیا جس کے بعد وائس چانسلر پروفیسر راجارم شکلا نے سنسکرت میں نئے عہدیداروں سے حلف لیا۔

پروفیسر شکلا نے کہا کہ فاتح امیدواروں کو اپنے آپ کو تنازعہ سے باز رکھنے کے لیے کیمپس میں کوئی جلوس نہیں نکالنا چاہیے۔

جیتنے والے امیدواروں کو پولیس سیکیورٹی میں ان کے گھر بھیج دیا گیا۔