کامیڈین منور فاروقی کے خلاف ہندو دیوی دیوتاؤں کے متعلق توہین آمیز تبصرے کرنے کے الزام میں مقدمہ درج

مدھیہ پردیش، جنوری 2: این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق مدھیہ پردیش پولیس نے مزاحیہ اداکار منور فاروقی پر ہندو دیوتاؤں کے بارے میں توہین آمیز تبصرے کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اس کے خلاف شکایت کس نے درج کروائی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ فاروقی کے خلاف یہ الزام اندور کے مونرو کیفے میں اس کے شو کے بعد لگائے گئے تھے۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا ’’شو کے دوران کامیڈین نے مبینہ طور پر ہندو دیوتاؤں اور دیویوں کا مذاق اڑایا۔‘‘

پولیس افسر نے بتایا کہ اس کے علاوہ کیفے کے مالکان نے حکام سے اجازت لیے بغیر ہی اسٹینڈ اپ کامیڈی شو کا اہتمام کیا تھا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ اس شو میں متعدد ایسے لوگوں نے بھی شرکت کی جن کی عمر 18 سال سے کم تھی۔

شہر کے تکوگنج علاقے میں فاروقی اور کیفے کے مالکان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ وہ اس پروگرام کے ویڈیو فوٹیج کی جانچ کر رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ شو میں نابالغ بچے بھی موجود تھے یا نہیں۔

پولیس اہلکار نے مزید کہا کہ ’’ہم مزاحیہ اداکارکے تبصروں کی بھی جانچ کر رہے ہیں۔ اس کی بنیاد پر ہم اس معاملے کی تحقیقات کریں گے۔‘‘