کالے قوانین کے خلاف تحریک جاری رہے گی: امارت شرعیہ بہار
پٹنہ۔ (دعوت نیوز نیٹ ورک) بہار کے ضلع ارریہ کے غیر این ڈی اے سیاسی پارٹیوں، ملی جماعتوں، سماجی تنظیموں کے نمائندگان، امارت شرعیہ کے ارکان شوری وعاملہ، علماء وائمہ، نقباء امارت شرعیہ، دانشوران اورسماجی کارکنان کی ایک اہم میٹنگ مفتی محمد سہراب ندوی نائب ناظم امارت شرعیہ کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ صدر مجلس نے ملک وملت کو درپیش حالات اور موجودہ کالے قوانین کے خطرات سے واقف کراتے ہوئے اس سلسلہ میں امیر شریعت مولانا ولی رحمانی کی فکر مندی اور امارت شرعیہ کی حکمت عملی کو موثر انداز میں بیان کیا، اور میٹنگ کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ مرکزی حکومت لاٹھی، گولی کے ذریعے کالے قوانین کے خلاف جاری تحریک کو ختم کرنا چاہتی ہے، ایس سی ایس ٹی اور او بی سی کے لوگوں کو منظم طور پر گمراہ کیا جا رہا ہے، اور این ڈی اے کے علاوہ جن سیکولر پارٹیوں نے متحدہ طورپر ان قوانین کے خلاف تحریک میں آگے رہنے کا عہد کیا تھا ان کی متحدہ عملی کوشش میں بھی کمزوری نظر آرہی ہے، نیز جن سیاسی پارٹیوں کے نمائندگان نے صوبائی سطح پر نمائندگی کی تھی ان کے ضلعی سطح کے نمائندگان کو متحرک کرنا ہے۔ راجد کے ضلع صدر سریش پاسوان نے امارت شرعیہ کی اس کوشش کی تحسین کرتے ہوئے کہا کہ راجد پارٹی کے ضلعی سطح پر کارکنان مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں اور یہ یقین دلاتے ہیں کہ ہماری پارٹی کے پروگرام کے علاوہ ان قوانین کے خلاف جب بھی جہاں آواز دی جائے گی ہم اپنے کارکنان کے ساتھ حاضر رہیں گے، ہم پارٹی کے ضلع صدر رمیش پاسوان نے کہا ایک کمیٹی بنائی جائے ہم لوگ ساتھ ساتھ ملک کر دلتوں، آدیواسیوں اور غریبوں تک پہونچ کر تحریک کو مضبوط بنائیں گے، کانگریس ترجمان ششی بھوشن جی نے اپنی پارٹی کی طرف سے ہر قدم پر ساتھ ساتھ چلنے کا یقین دلایا، سی پی ایم کے ضلع صدر ڈاکٹر ایس آر جھا نے امارت شرعیہ کی حکمت عملی سے اتفاق کرے ہوئے عملی طور پر ہر پارٹی کو ساتھ کھڑا ہونے کی نصیحت کی، بھاکپا مالے ضلع صدر اندرین پاسوان نے بھی اپنی کوششوں کا ذکر کیا اور دلتوں میں بیداری پیدا کرنے کا کام جو وہ کر رہے ہیں اس میں دوسری پارٹیوں کو بھی شریک ہونے کی دعوت دی۔ ایم آئی ایم کے صدر راشد انور نے بھی مفید مشورے دیے، بام سیف ضلع صدر مہندر پاسوان نے کہا کہ جو گائڈ لائن بنے گی ہم دل وجان سے اپنے ورکروں کے ساتھ اس پر کام کریں گے۔ سماجی تنظیم کے ذمہ دار پروفیسر کرانتی کنور نے حوصلہ مندی کے ساتھ ظلم کے خلاف ڈٹے رہنے کی تلقین کی۔