کابینہ نے نئی قومی تعلیمی پالیسی کو منظوری دی، ایچ آر ڈی وزارت کا نام بدل کر وزارت تعلیم کیا
نئی دہلی، 29 جولائی: عہدیداروں نے بتایا کہ مرکزی کابینہ نے بدھ کے روز نئی قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) کی منظوری دی اور ایچ آر ڈی وزارت کا نام بدل کر وزارتِ تعلیم کر دیا۔
ہندوستانی خلائی تحقیقاتی ادارے (اسرو) کے سابق سربراہ کے کستوری رنگن کی سربراہی میں ایک پینل نے نئے نیشنل ایجوکیشن پالیسی (NEP) کا مسودہ مرکزی انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر رمیش پوکھریال کے پاس گذشتہ سال ان کے چارج سنبھالنے کے بعد پیش کیا تھا۔
دی ٹربیون کی خبر کے مطابق اس کے بعد اس مسودے کو عوامی اسٹاک میں رکھا گیا تھا، تاکہ مختلف اسٹیک ہولڈرز سے راے لی جائے اور اس بارے میں انسانی وسائل کی وزارت کو دو لاکھ سے زیادہ تجاویز موصول ہوئیں۔
وزارت کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا ’’پالیسی کا مسودہ منظور کرلیا گیا ہے۔ وزارت کو وزارتِ تعلیم کا نام دیا گیا ہے۔‘‘
معلوم ہو کہ موجودہ تعلیمی پالیسی کو 1986 میں تشکیل دیا گیا تھا اور 1992 میں اس پر نظر ثانی کی گئی تھی۔ 2014 کے عام انتخابات سے قبل ایک نئی تعلیمی پالیسی بھارتیہ جنتا پارٹی کے منشور کا حصہ تھی۔
مسودہ تیار کرنے والے ماہرین نے سابق کابینہ کے سکریٹری ٹی ایس آر سبرامنیم کی سربراہی میں ایک پینل کی رپورٹ کو بھی مدنظر رکھا، جس کی سربراہی اس وقت کی مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی کررہی تھیں۔