مرکزی یونیورسٹیوں میں 6,500 سے زیادہ فیکلٹی اسامیوں میں سے صرف 375 پر بھرتی ہوئی: وزارت تعلیم

نئی دہلی، جولائی 26: مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے پیر کو ایک تحریری جواب میں لوک سبھا کو بتایا کہ ستمبر سے اب تک مرکزی یونیورسٹیوں میں صرف 375 فیکلٹی کے عہدوں کو بھرا گیا ہے۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق یہ تعداد کافی کم ہے، کیوں کہ مرکزی یونیورسٹیوں میں 6,549 آسامیاں خالی ہیں۔

بھرتی کی یہ کم شرح ستمبر 2021 میں تمام اعلیٰ تعلیمی اداروں کو ایک سال کے اندر ’’مشن موڈ‘‘ پر خالی آسامیاں پُر کرنے کی ہدایت کے باوجود سامنے آئی ہے۔

پیر کو ایوان زیریں میں اپنے جواب میں پردھان نے کہا کہ ستمبر سے مرکز کے زیر انتظام تعلیمی اداروں میں 916 فیکلٹی اسامیاں بھری گئی ہیں۔

ان میں سے مرکزی یونیورسٹیوں میں 375 اساتذہ، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں 355، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی میں 84، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں 71، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس ایجوکیشن اینڈ ریسرچ میں 27 اور اسکول آف پلاننگ اینڈ آرکیٹیکچر میں چار اساتذہ کو بھرتی کیا گیا ہے۔