وزارت تعلیم نے اساتذہ سے نئی قومی پالیسی کے نفاذ سے متعلق تجاویز طلب کیں

نئی دہلی، اگست 23: محکمۂ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی، وزارت تعلیم نے اساتذہ سے کہا ہے کہ وہ حال ہی میں منظور شدہ نئی قومی تعلیمی پالیسی یعنی NEP 2020 کے نفاذ کے بارے میں اپنی تجاویز پیش کریں۔

سکریٹری انیتا کاروال نے ایک خط میں اسکول اساتذہ اور پرنسپلز سے کہا ہے کہ وہ این ای پی 2020 کے نفاذ کے عمل کے بارے میں اپنے نظریات 24 سے 31 اگست کے درمیان innovateindia.mygov.in/nep2020 پر جمع کروائیں۔

وزارت نے سوالوں کی ایک فہرست پیش کرتے ہوئے اساتذہ سے کہا ہے کہ وہ اپنی تجاویز پیش کریں۔

ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’اساتذہ کے لیے اس عمل کو آسان بنانے کے لیے سوال جواب کے عمل کے ذریعے اسکول ایجوکیشن سے متعلق NEP 2020 کے ہر موضوع پر تجاویز طلب کی جا رہی ہیں۔ سوالات کو اس انداز میں مرتب کیا گیا ہے کہ اساتذہ اپنے تجربے سے انھیں ہم آہنگ پا ئیں گے۔‘‘

پیش کی جانے والی تجاویز کا این سی ای آر ٹی کے ماہرین کی ایک ٹیم جائزہ لے گی۔