ڈاکٹر کفیل خان نے ہندوستان کے انسانی حقوق کے محافظوں کی رہائی کا مطالبہ کرنے کے لیے یوروپی پارلیمنٹ کی کمیٹی کا شکریہ ادا کیا
نئی دہلی، اکتوبر 14: ڈاکٹر کفیل خان نے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور قومی سطح پر مجوزہ این آر سی کے خلاف احتجاج کرنے پر گرفتار کیے جانے والے انسانی حقوق کے کارکنوں کی رہائی کے معاملے کو اٹھانے پر یوروپی پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا ہے۔
یوپی کے بی آر ڈی میڈیکل کالج کے سابق اسسٹنٹ پروفیسر نے یوروپی پارلیمنٹ کی انسانی حقوق کی ذیلی کمیٹی کی ماریہ ایرینا کو شکریہ کا خط بھیجا۔ خط 13 اکتوبر کو ارسال کیا گیا تھا۔
انھوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ یوروپی پارلیمنٹ کی اپیل کا حکومت ہند پر کوئی اثر نہیں ہوا،
کہا کہ عمر خالد، پرشانت کنوجیا، اکھل گوگوئی، آنند تلتمبدے، گوتم نوالکھا، خالد سیفی، میران حیدر، اسٹان سوامی اور شرجیل امام سمیت بہت سارے انسانی حقوق کے کارکنوں کو ابھی بھی سلاخوں کے پیچھے قید رکھا گیا ہے۔
ڈاکٹر خان نے یوروپی یونین کے حکام کو یہ بھی لکھا کہ کس طرح متھرا جیل میں انھیں 7 ماہ قید کے دوران کس طرح انھیں مبینہ ذہنی اور جسمانی طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور کھانا اور پانی دینے سے بھی انکار کیا گیا۔