ڈائن بتا کر خاتون کو زد و کوب کرنے کا معاملہ پہنچا ہائی کورٹ

شملہ: ہماچل پردیش کے منڈی ضلع میں سرکاگھاٹ کے نزدیک سماہل گاؤں میں 81 سال کی بزرگ وبے سہارا خاتون کو ڈائن قرار دے کر اس کے ساتھ جو ظلم کیا گیا۔ یہ معاملہ ہائی کورٹ پہنچ گیا ہے۔ جسٹس ایل نارائن سوامی نے ایک وکیل کی زبانی شکایت پر سخت نوٹس لیتےہوئے ریاستی حکومت سے ایک ہفتے میں واقعہ کی رپورٹ طلب کی ہے۔ ہائی کورٹ نے واقعہ پر پولس اور ضلع انتظامیہ سے اب تک کی گئی کارروائی کی بھی جانکاری طلب کی ہے۔ شکایت کرنے والے سابق ڈپٹی ایڈوکیٹ ونے شرما نے جسٹس ایل نارائن کے سامنے زبانی شکایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے بھی خاتون پر پانچ مرتبہ حملے ہوچکے ہیں۔

ونے شرما نے بتایا کہ عدالت نے ضلع انتظامیہ سے کہا ہے کہ متاثرہ کو کسی بھی طرح کی امداد دینے میں کوتاہی نہیں برتی جائے۔ایڈوکیٹ جنرل نے چیف جسٹس کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اس غیر انسانی واقعہ کے خلاف حکومت سخت کارروائی کرے گی اور عدالت کو رپورٹ سونپے گی۔

واضح رہے کہ سرکاگھاٹ کے سماہل گاؤں میں 81 سال کی بزرگ خاتون کو گاؤں والوں نے ’ڈائن‘ بتا کر منھ کالا کرکے جوتے کی مالا پہنائی تھی اور پورے گاؤں میں گھمایا تھا۔ پولس نے اس معاملے میں 21 لوگوں کو گرفتار کرلیا ہے جن میں 14 مرد اور سات خواتین ہیں۔ دیوتا کی پجارن کو بھی پولس نے حراست میں لے لیا۔ اس میں 17 لوگوں کو پولس نے ریمانڈ پر بھیج دیا ہے جبکہ دیگر چار کو آج کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔