يونين پبلک سرويس کميشن اورسول سرويس پريليمنری امتحان

ملک کے اعلیٰ ترین امتحان کے ذریعے گریجویٹس امیدواروں کے لیے سول سروسیس کی راہ

ايم۔ايف۔ احمد۔بھيونڈی
موجودہ دور کو مسابقت کا دور کہنا بيجا نہ ہوگا۔ ملک کی پاليسی سازی ميں اپنا رول ادا کرنے کے ليے مسابقتی امتحانات اہم ذريعہ ہيں۔ ملک عزيز ميں ان امتحانات کو سول سروسيس امتحانات يا عرف عام ميں آئی اے ايس اور آئی پی ايس کے امتحانات کہا جاتا ہے۔ ہر سال مختلف اساميوں کے ليے حکومت ہند ڈپارٹمنٹ آف پرسونل اينڈ ٹريننگ کے تحت يونين پبلک سروسيس کميشن ان امتحانات کا انعقاد کرتا ہے۔ ان امتحانات ميں کاميابی ملک کی ترقی ميں اپنی حصہ داری اور پاليسی سازی ميں اپنا رول ادا کرنے کا اہم ذريعہ ہے۔امسال ۲۰۲۰؁ء کے ليے سول سروسيس پريليمنری امتحانات کا نوٹيفکيشن جاری ہوچکا ہے جس کے مطابق مختلف محکموں کی ۲۴ سروسيس ميں 796 اساميوں کے ليے کسی بھی فیکلٹی کے گريجويٹ اميدواروں سے درخواستيں مطلوب ہيں۔جملہ 796 اساميوں ميں سے 24 اسامياں مختلف معذوروں کے ليے مختص ہيں جن کی تفصيل نوٹيفکيشن ميں درج ہے۔
مختلف حکومتی محکموں ميں اسامياں : انڈين ايڈمنسٹريٹيو سروسيس، انڈين فارين سروسيس، انڈين پولس سروسيس، انڈين پوسٹ اينڈ ٹيليگراف اکائونٹس اينڈ فائنانس سروسيس(گروپ A)، انڈين آڈٹ اينڈ اکاؤنٹس سروسيس(گروپ A)، انڈين ريوينيو سروسيس (کسٹمس اينڈ سينٹرل ايکسائيز)(گروپ A)، انڈين ڈيفینس اکاؤنٹس سروسيس (گروپ A)، انڈين ريوينيو سروسيس (گروپ A)، انڈين ريلوے سروسيس (گروپ A) اور ديگر حکومتی محکموں، جملہ ۲۴ محکموں ميں گروپ Aکی 796 اساميوں کے ليے يہ امتحانات منعقد کيے جارہے ہيں جن کی تفصيل نوٹيفکيشن ميں درج ہے۔
سول سروسيس امتحانات کا طريقہ کار
سول سروسيس کے امتحانات تين مرحلوں ميں ہوتے ہيں۔
(الف) پريليمنری امتحان
يہ امتحان ۳۱؍مئی ۲۰۲۰؁ء کو ہوگا۔ اس ميں دو پرچے جنرل اسٹڈيز کے ہوں گے۔ ہر پرچہ دو گھنٹے کے دورانيہ اور دو سو مارکس پر مشتمل ہوگا۔ دوسرا پرچہ کواليفائنگ پرچہ ہوگا جس ميں %۳۳نشانات (۲۰۰ ميں سے ۶۶مارکس ) حاصل کرنا لازمی ہوں گے۔ غلط جواب پر 0.33% پر منفی مارکنگ ہے۔
(ب) مين امتحان :پريلمنری امتحان کامياب اميدوار اس امتحان ميں شرکت کرسکتے ہيں۔ مين امتحان ميں کل ۹ پرچے ہوں گے پہلا اور دوسرا پرچہ بالترتيب ايک ہندوستانی زبان اور انگريزی زباندانی پر مشتمل ہوگا جس کے ليے فی پرچہ ۳۰۰ مارکس مختص ہيں، انھيں حتمی رينکنگ کے ليے شمار نہيں کيا جائے گاليکن ان دونوں پرچوںميں کم از کم %۲۵ مارکس حاصل کرنا لازمی ہيں۔ ان کے علاوہ ديگر سات پرچوں ميں مضمون نويسی کا ايک پرچہ، جنرل اسٹڈيز کے چارپرچے اور منتخبہ مضامين کے دو پرچے ہوں گے۔ہر پرچہ دو سو پچاس مارکس پر مشتمل ہو گا۔ مين امتحان کل 1750مارکس پر مشتمل ہوگا۔
(ج) شخصی انٹرويو مين امتحان ميں کامياب اميدواروں کو شخصی انٹرويو کے ليے طلب کيا جائے گا جو 275 مارکس پر مشتمل ہوگا۔
پريلمنری امتحانات کے مراکز پريلمنری امتحانات کے مراکز ملک بھر ميں کئی مقامات پر ہيں مہاراشٹر ميں يہ مراکز ممبئی، نوی ممبئی، پونے، تھانے، اورنگ آباد اور ناگپور ہيں۔ ديگر مراکز کی فہرست ويب سائٹ پر ستياب ہے۔
اہليت کی شرائط (۱) ايڈمنسٹريٹو سروسيس اور پولس سروسيس کے ليے صرف بھارتی شہری ہی درخواست دے سکتے ہيں۔ جبکہ دوسری سروسيس کے ليے دوسرے ممالک سے آئے ہوئے افراد بھی درخواست دے سکتے ہيں جس کی تفصيل نوٹيفکيشن ميں موجود ہے۔ (۲) عمر کی حد: (الف) اميدوار کی عمر يکم اگست ۲۰۲۰؁ء تک 21 سال مکمل ہونی چاہيے اور 32 سال سے زائد نہيں ہونی چاہيے۔ يعنی اميدوار کی تاريخ پيدائش ۲؍اگست ۱۹۸۸ءسے قبل اور يکم اگست ۱۹۹۹؁ء کے بعد نہيں ہونی چاہيے۔ (ب) ايس اور ايس ٹی اميدواروں کو عمر کی حد ميں ۵ سا ل جبکہ ديگر پسماندہ طبقات (اوبی سی ) اميدواروں کو ۳ سال کی رعايت ہوگی۔ اميدوار کی عمر کے ثبوت کے طور پر ميٹريکوليشن سرٹيفکيٹ (ايس ايس سی سرٹيفکيٹ) يا ليونگ سرٹيفکيٹ پر درج تاريخ پيدائش قابل قبول ہوگی۔ (۳) تعليمی لياقت: اميدوار کسی بھی مرکزی، رياستی يونيورسٹی يا پارليمنٹ ايکٹ کے ذريعے قائم کردہ، يونيورسٹی گرانٹس کميشن سے منظور شدہ يونيورسٹی سے گريجويٹ ہونا چاہيے۔ فائنل ميں زير تعليم طلبہ بھی اس امتحان ميں شرکت کے ليے درخواست دے سکتے ہيں۔ (۴) امتحان ميں شرکت کے مواقع : ہر اميدوار جو اس امتحان ميں شرکت کرنا چاہتا ہے وہ زيادہ سے زيادہ چھ (۶) مرتبہ اس امتحان ميں شريک ہوسکتا ہے جبکہ او بی سی اميدوار کے ليے نو (۹) مواقع اور ايس سی اور ايس ٹی اميدواروں پر اس شرط کا اطلاق نہيں ہوگا۔
(۵) فیس: اس امتحان ميں شرکت کرنے والے اميدواروں کو سو (۱۰۰) روپيے بطور فیس بھرنے ہوں گے۔ جبکہ خاتون اميدوار، ايس سی ايس ٹی اور معذور اميدواروں کے ليے کوئی فیس نہيں ہے۔
درخواست کا طريقہ کار :اميدوار صرف آن لائن ذريعے سے ہی ويب سائٹ www.upsconline.nic.in پردرخواست دے سکتے ہيں۔ درخواست دينے والے اميدواروں کے ليے ضروری ہے کہ وہ (a) پريليمنری امتحان کے فارم ميں ہی سول سروسيس (مين ) امتحان کے امتحانی مرکز کی معلومات فراہم کريں۔ (b) منتخبہ مضمون (c) مين امتحان کا ميڈيم (d) اگر مين امتحان ميں کسی زباندانی مضمون کو منتخب کيا ہے تو اس کا ميڈيم (e) منتخب کی گئی لازمی زبان (مين امتحان ) کی معلومات درج کرنا ہوگی۔ اميداور کو درخواست کے ساتھ کسی بھی طرح کا کوئی سرٹيفکيٹ يا اسناد جمع کرنا ضروری نہيں ہے۔ دوران امتحان شناختی دستاويز کو ساتھ رکھنا لازمی ہوگا۔
امتحان کا طريقہ کار پريليمنری امتحان ميں آبجيکٹيو ٹائپ (ملٹيپل چوائس ) سوالات پر مبنی دو لازمی پرچے ہوں گے اور ہر پرچہ دو سو مارکس يعنی کل امتحان چار سو مارکس پر مشتمل ہوگا۔ دونوں پرچے جنرل اسٹڈيز پر مشتمل ہوں گے جبکہ کاميابی کے ليے کم از کم ۳۳ فیصد مارکس حاصل کرنا لازمی ہے۔ ہر پرچہ کا دورانيہ (وقت) دو گھنٹے ہوگا۔ غلط جواب پر ايک تہائی منفی مارکنگ ہوگی يعنی تين غلط جوابات پر ايک مارکس کم ہوجائے گا۔ ايک سے زائد جواب کو غلط جواب سمجھا جائے گا۔ سواليہ پرچہ انگريزی اور ہندی دونوں زبانوں ميں ہوگا۔ اميدوار يہ دھيان رکھيں کہ ’’مين امتحا ن‘‘ ميں شريک ہونے والے اميدواروں کی تعداد کل اساميوں کی بارہ سے تيرہ گنا تعداد پر مشتمل ہوگی اس ليے صرف کامياب ہونا لازمی نہيں ہے بلکہ يہ بھی کوشش کرنی ہوگی کہ زيادہ سے زيادہ مارکس حاصل کيے جائيں۔
پريليمنری امتحان کا نصاب پريليمنری امتحان دو سو مارکس کے دو پرچوں يعنی کل چار سو مارکس پر مشتمل ہوگا۔ ہر پرچے کے ليے دو گھنٹے مختص کيے گئے ہيں۔ پہلے پرچے ميں: موجودہ قومی اور بين الاقوامی واقعات کی اہميت، بھارت اور بھارتی قومی تحريک کی تاريخ بھارت اور عالمی جغرافیہ (طبعی، سماجی، معاشی، جغرافیائی )، بھارتی سياست اور نظم و نسق-آئين، سياسی نظام، پنچايتی راج، عوامی پاليسی، حقوق وغيرہ، معاشی اور سماجی ترقی کے موضوعات، علم ماحوليات، حياتی تنوع کے عام مسائل اور ماحولياتی تبديلی اور جنرل سائنس وغيرہ پر سوالات شامل ہوں گے۔
دوسرے پرچے ميں انگريزی فہم و ادراک (Comprehension)، کميونکيشن کی مہارت، منطقی وجوہات اور تجزياتی قابليت، فیصلہ سازی اور مسائل کا حل، عام ذہنی قابليت، بنيادی اعداد و شمار(دسويں کی سطح )وغيرہ کے سوالات شامل ہوں گے۔ يہ دونوں پرچے کثير متبادلات پر مشتمل ہوں گے۔ اميدوار کے ليے دونوں پرچوں ميں شرکت لازمی ہے۔
فارم بھرنے کے ليے ضروری ہدايات
امتحان کا فارم صرف آن لائن بھرنا ہے۔ ويب سائٹ www.upsconline.nic.in فارم بھرنے سے قبل ہدايات کا مطالعہ کرليں۔ آن لائن درخواست فارم دو مرحلوں ميں بھرنا ہوگا۔ مستثنيٰ اميدواروں (خاتون، ايس سی ايس ٹی وغيرہ ) کے علاوہ ديگر اميدواروں کو-/100 روپئے فیس بھرنا ہوگی۔ فیس آن لائن يا پھر اسٹيٹ بينک آف انڈيا کے چلن کے ذريعے بھری جاسکتی ہے۔ فارم بھرنے سے قبل اميدوار ايک فوٹو آئی ڈی کارڈ، اپنا فوٹو اور دستخط اسکين کرليں۔ شناختی کارڈ (آدھار، پين کارڈ، پاسپورٹ، ووٹر آئی ڈی، ڈرائيونگ لائسنس يا کوئی اور حکومتی آئی ڈی کارڈ) فوٹو اور دستخط jpg فارميٹ ميں ہونا چاہيے۔ شناختی کارڈ کی جو تفصيل درج کی جائے گی وہ شناختی کارڈ امتحان کے دوران اميدوار کے پاس ہونا لازمی ہے۔ فوٹو فائل 40kb سے زيادہ اور 3kb سے کم نہيں ہونا چاہيے جبکہ دستخط فائل 1kb سے کم نہيں ہونا چاہيے۔ مزيد تفصيلات کے ليے اميدوار نوٹيفکيشن کا تفصيلی مطالعہ کريں۔
٭٭٭