وزیر اعظم نے آسام کے وزیر اعلی سے ریاست میں سیلاب کی صورت حال پر بات کی، مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی
گوہاٹی، 19 جولائی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج سیلاب کے تباہی سے نمٹنے میں آسام کو ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، جہاں رواں سال اب تک سیلاب نے 81 افراد کی جانیں لی ہیں۔
وزیر اعلی سربانند سونووال سے فون پر سیلاب کی صورت حال پر تبادلہ& خیال کرتے ہوئے مودی نے کوویڈ 19 کی صورت حال اور آئل انڈیا کے باغ جان گیس کنویں پر بھڑکنے والی آگ کو روکنے کے لیے جاری کوششوں کے بارے میں بھی دریافت کیا۔
سونووال نے ٹویٹ کیا ’’معزز وزیر اعظم شری نریندرمودی جی نے آج صبح فون پر آسام میں سیلاب، کوویڈ 19 اور باغجان آئل ویل فائر کی صورتِ حال سے متعلق معاصر صورت حال کا جائزہ لیا۔ اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اور ریاست کے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ریاست کو ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا۔‘‘
وزیر اعلیٰ کے دفتر کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سونووال نے مودی کو لوگوں کو درپیش مشکلات سے نمٹنے کے لیے ریاست کے ذریعے اب تک اٹھائے گئے تمام اقدامات سے آگاہ کیا۔
آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (اے ایس ڈی ایم اے) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس سال سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد ریاست بھر میں 107 ہوگئی ہے، ان میں سے 81 سیلاب سے وابستہ واقعات میں جاں بحق ہوئے ہیں اور 26 افراد لینڈ سلائڈنگ کے واقعات میں ہلاک ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ آسام کے 33 میں سے 26 اضلاع میں سیلاب سے 27 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں اور متعدد مقامات پر مکانات، فصلیں، سڑکیں اور پل تباہ ہوگئے ہیں۔