وزیر اعظم مودی نے دعویٰ کیا کہ مرکزی حکومت کے ذریعے صحیح وقت پر صحیح فیصلے لینے کی وجہ سے ہندوستان دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ مستحکم پوزیشن میں ہے
نئی دہلی، جولائی 28: روزانہ 10 لاکھ ٹیسٹ کروانے کے اہداف کا اعلان کرتے ہوئے، موجودہ شرح سے تقریباً دوگنا، وزیر اعظم نریندر مودی نے کولکاتا، ممبئی اور نوئیڈا میں تین اعلی کوویڈ 19 جانچ کی سہولیات کا آغاز کیا۔ یہ سہولیات ایک دن میں 10،000 ٹیسٹ کراسکیں گی۔
انھوں نے کہا کہ ہمیں مل کر صحت کے نئے انفراسٹرکچر کی تشکیل کرنی ہوگی اور ہر ضلع اور دیہات میں سرکاری اور نجی ڈسپنسریوں اور کلینکوں کو زیادہ مؤثر بنانا ہو گا۔
مودی نے کہا ’’ہمارے دیہات میں کورونا کے خلاف لڑائی کو کمزور نہیں کیا جائے گا… اور اس کے ساتھ ہمیں یہ بات بھی ذہن میں رکھنی ہوگی کہ ہمارا کورونا واریر کسی بھی طرح کی تھکاوٹ کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ ہمیں نئے اور ریٹائرڈ پروفیشنلز کو بھی ہیلتھ سسٹم سے جوڑنے کے لیے مستقل طور پر کام کرنا ہو گا۔‘‘
وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان میں اب 11،000 سے زیادہ کوویڈ سہولیات اور 11 لاکھ تنہائی والے بیڈ موجود ہیں۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ چوں کہ ملک میں صحیح وقت پر صحیح فیصلے کیے گئے تھے، لہذا ہندوستان دوسرے ممالک کے مقابلے میں زیادہ مستحکم پوزیشن میں ہے۔
انھوں نے کہا کہ آج ہمارے ملک میں کورونا سے اموات کی شرح بڑے ممالک کی نسبت بہت کم ہے۔ دوسری طرف یہاں صحت یابی کی شرح بھی دوسرے ممالک کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے اور دن بدن بہتر ہوتی جا رہی ہے۔