وزارتِ اطلاعات و نشریات نے سدرشن نیوز پر یو پی ایس سی سے متعلق فرقہ وارانہ پروگرام نشر کرنے کی اجازت دی
نئی دہلی، ستمبر 11: وزارت اطلاعات و نشریات نے سدرشن نیوز چینل کو سول سروسز میں ’’مسلمانوں کی دراندازی‘‘ پر ایک متنازعہ شو کو نشر کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
’’بنداس بول‘‘ نامی یہ پروگرام اصل میں 28 اگست کو نشر ہونا تھا، لیکن دہلی ہائی کورٹ نے اسی دن شو کے نشریات پر روک لگادی اور بعد میں اس کیس کے سلسلے میں کسی قسم کی ریلیف دینے سے انکار کردیا۔
وزارت نے نیوز چینل سے کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ اس پروگرام سے کسی بھی پروگرام کوڈ کی خلاف ورزی نہ ہو۔
شو کے پروموشنل ویڈیو میں متعصبانہ طور پر ’’یو پی ایس سی جہاد‘‘ اور جامعہ کے طلبا کو جہادی کہا گیا تھا اور مسلمانوں کو ’’درانداز‘‘ قرار دیا گیا تھا۔
آئی اینڈ بی وزارت نے شکایات کے بعد سدرشن نیوز کو ایک نوٹس جاری کیا تھا، جس میں اس سے کہا گیا تھا کہ وہ اس پروگرام کے بارے میں کیبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک رولز 1994 کے تحت وضاحت کرے۔ اپنے تحریر جواب میں چینل نے وزارت کو بتایا کہ پروگرام میں قانون کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی گئی ہے اور اگر خلاف ورزی پائی گئی تو اس کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔
مرکز کے حکم کے بعد ، چوہانکے نے چینل کے موقف کو درست ثابت کرنے کا دعوی کیا اور کہا کہ یہ پروگرام آج شام 8 بجے نشر کیا جائے گا۔
نیوز چینل نے یہ بھی استدلال کیا کہ وزارت کسی پروگرام کی پری سنسرشپ نہیں کر سکتی۔
وزارت کے حکم میں کہا گیا ہے کہ ’’مذکورہ بالا حقائق اور اس معاملے کے حالات کو دیکھتے ہوئے سدرشن ٹی وی چینل کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یہ یقینی بنائے کہ اس پروگرام کو ٹیلی کاسٹ کرنے سے پروگرام کے کسی ضابطہ کی خلاف ورزی نہ ہو۔ اگر پروگرام کے کوڈ کی کوئی خلاف ورزی ہوئی تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔‘‘