واٹس ایپ سے ٹیلی گرام میںمنتقلی کا آسان طریقہ

تصاویر، ویڈیوزاور دیگرمواد کومحفوظ رکھا جاسکتاہے

(دعوت نیوز ڈیسک)

 

جب سے مشہور میسجنگ ایپلی کیشن ’واٹس ایپ نے اپنے دو ارب سے زیادہ صارفین سے کچھ روز قبل فیس بک سے مواد شیئر کرنے سے متعلق اجازت مانگی تھی اور یہ شرط رکھی تھی کہ اسے قبول نہ کرنے کی صورت میں صارفین جلد ہی واٹس ایپ استعمال کرنے سے محروم ہو جائیں گے، تب سے عوام میں بے چینی اور تشویش کی لہر پائی جارہی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق سو ملین نئے صارفین نے صرف جنوری کے مہینے میں میسیجنگ ایپ ٹیلی گرام جوائن کیا۔ لیکن سوال یہ ہے کہ اتنے پرانے میسجنگ ایپ واٹس ایپ کو آسانی سے ترک کیسے کر دیا جائے جبکہ اس ایپ میں پرانی یادیں اور قدیم پیغامات محفوظ ہیں جو ہر اعتبار سے صارفین کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ لیکن صارفین کو یہ جان کر خوشی ہوگی کہ ہر شخص چیٹ ہسٹری (chat history) بشمول ویڈیوز (videos) اور دستاویزات (documents) نہ صرف واٹس ایپ سے بلکہ ککاؤ ٹاک (KakaoTalk) اور لائن (Line) سے ٹیلی گرام میں منتقل کر سکتا ہے۔
پیغامات (Chats) کو واٹس ایپ سے ٹیلی گرام میں منتقل کرنے کاطریقہ۔ iOS صارفین یعنی ایپل موبائل استعمال کرنے والے واٹس ایپ کے کانٹیکٹ انفو (Contact Info) یا گروپ انفو پیج (Group Info page) کو کھول لیں۔ اس کے بعد ایکسپورٹ چیٹ(Export Chat) بٹن کو دبائیں اور پھر ٹیلی گرام کو منتخب کریں۔
اگر صارفین اینڈرائیڈ (Android) یعنی سمسنگ، ریڈمی، اوپّو، رییل می وغیرہ استعمال کر رہے ہیں تو انہیں واٹس ایپ چیٹ کھولنا ہے اور تین ڈاٹس کو دبانا ہے پھر ایکسپورٹ چیٹ (Export Chat) کو دبانے کے بعد ٹیلی گرام کو منتخب کرنا ہے اس طرح سے سارے پیغامات سمیت ویڈیوز، آڈیوز اور دستاویزات وغیرہ ٹیلی گرام میں منتقل ہو جائیں گے۔ اسے اس طرح آسانی سے سمجھا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر ‘زید’ کو چاہیے کہ وہ ‘ابرہیم’ کے چیٹ کو کھولے اسے دائیں طرف بنے 3 ڈاٹس ملیں گے اس پر کِلک کرنے کے بعد فہرست کے سب سے اخیر میں مور (more) لکھا ہوا نظر آئیگا جس کو دبانے سے چوتھے نمبر پر ایکسپورٹ چیٹ (Export Chat) نظر آئے گا اسے جیسے ہی کلک کریں گے ویسے ہی دو آپشن دکھائی دیں گے ایک پر لکھا ہوگا ‘وِداؤٹ میڈیا’ (without media) دوسری طرف اِنکلوڈ میڈیا (Include Media) لکھا ہوگا لیکن ہمیں انکلوڈ میڈیا پر کلک کرنا ہے جس کے بعد ٹیلی گرام فہرست میں نظر آئیگا اس پر جیسے ہی کِلک کریں گے سارے پیغامات سمیت ویڈیوز، آڈیوز اور دستاویزات وغیرہ ٹیلی گرام میں منتقل ہو جائیں گے۔ لیکن اگر ہم نے ‘وِداؤٹ میڈیا’ (without media) پر کِلِک کیا تو صرف پیغامات ہی ٹیلی گرام میں منتقل ہوں گے۔اسی طرح سے واٹس ایپ پر بنائے گئے گروپ کے پیغامات بھی ٹیلی گرام میں منتقل کیے جا سکتے ہیں۔
ٹیلی گرام انتظامیہ نے واضح کیا کہ ٹیلی گرام میں منتقل کیے گئے پیغامات کی وجہ سے موبائل میں اضافی جگہ پر قبضہ نہیں ہوگا۔ صارفین ‘ترتیبات’ میں موجود ‘ڈیٹا اینڈ اسٹوریج استعمال’ ٹیب پر کلک کرکے اسٹوریج اسپیس اور کیچے سائز کو کنٹرول کر سکتے ہیں۔
یہ ایپ صارفین کو بغیر کسی نشان کے اپنے پیغامات کو حذف کرنے کی اجازت دے گا۔ خفیہ چیٹ، گروپس اور کال کی تاریخ کو کسی بھی وقت ہر طرف سے مٹایا جا سکتا ہے۔

مشمولہ: ہفت روزہ دعوت، نئی دلی، خصوصی شمارہ 28 فروری تا 6 مارچ 2021