مہاراشٹر میں 10 مسلم امیدوار کامیاب، شیو سینا کا ایک امیدوار شامل، 12 کا دوسرا مقام

ممبئی: مہاراشٹرا کی 288 اسمبلی نشستوں کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ہر بار کی طرح اس بار بھی مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی میں مسلمانوں کی تعداد کم رہی ہے۔ اس بار ریاست میں 10 مسلم ارکان اسمبلی نے کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ 12 مسلم امیدواروں نے دوسرا مقام حاصل کیا۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ کامیاب ہونے والے مسلم امیدواروں میں ایک شیوسینا کا امیدوار بھی شامل ہے۔ سال 2014 کے اسمبلی انتخابات میں 9 مسلم امیدوار کامیاب رہے تھے، اس مرتبہ تعداد میں ایک رکن اسمبلی کا اضافہ ہو گیا ہے۔

مہاراشٹر میں سب سے زیادہ کانگریس کے تین مسلم امیدوار کامیاب ہوئے ہیں اس کے بعد این سی پی (نیشنلسٹ کانگریس پارٹی)، اے آئی ایم آئی ایم (آل انڈیا مجلس اتحاد مسلمین) اور ایس پی (سماجوادی پارٹی) کے دو دو امیدوار کامیاب رہے ہیں۔ کامیاب ہونے والے ایک رکن اسمبلی کا تعلق شیو سینا سے ہے۔

ادھر بی جے پی نے 2014 کی طرح اس مرتبہ بھی مہاراشٹر میں کسی بھی مسلم امیدوار کو ٹکٹ نہیں دیا۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر کی 40 اسمبلی نشستوں پر مسلم ووٹر فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہیں۔

کامیاب ہونے والے مسلم امیدوار اس طرح ہیں:

کانگریس
ممبا دیوی سے امین پٹیل
باندرا ویسٹ سے ذیشان بابا صدیقی
ملاڈ سے اسلم شیخ
این سی پی
انوشکتی نگر سے نواب ملک
کاگل سے میاں مشرف حسن لعل

اے آئی ایم آئی ایم
دھولیہ سے شاہ فاروق انور
مالیگاؤں سنٹرل سے مفتی اسماعیل قاسمی
سماج وادی پارٹی
بھونڈی مغرب سے رئیس قاسم شیخ
مان کھور شیواجی نگر سے ابو عاصم اعظمی

شیوسینا
سیلوڈ سے عبد الستار عبد النبی

غورطلب ہے کہ مہاراشٹر میں 1.30 کروڑ مسلمان راے دہندگان ہیں جو ریاست کی 11.24 کروڑ آبادی کا 11.56 فی صد ہیں۔ شمالی کونکن، خاندیش، مراٹھواڑہ اور مغربی ودربھ میں مسلمانوں کی تعداد زیادہ ہے۔ ممبئی کی نشستوں سمیت 40 اسمبلی حلقوں میں مسلم کمیونٹی کا اہم کردار ہے۔ کانگریس-این سی پی اتحاد مسلم ووٹروں کے لیے فطری انتخاب سمجھا جاتا ہے جو روایتی بی جے پی ووٹر نہیں رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ 288 نشستوں پر مشتمل مہاراشٹرا اسمبلی کے لیے اس مرتبہ بی جے پی کے 105 ، شیوسینا نے 56 ، کانگریس کے 44 اور این سی پی کے 54 امیدوار منتخب ہوئے ہیں۔ وہیں دیگران کے کھاتے میں 29 سیٹیں چلی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ 12 مسلم امیدوار مضبوط پوزیشن میں تھے اور انہوں نے دوسرا مقام حاصل کیا ہے:

آکولا ویسٹ سے ساجد خان (کانگریس)

بھونڈی ویسٹ سے خالد گڈو (آزاد)

چاندولی سے عارف نسیم خان (کانگریس)

اورنگ آباد سے عبد الغفار (اے آئی ایم آئی ایم)

اورنگ آباد سنٹرل سے ناصر صدیقی (اے آئی ایم آئی ایم)

شولہ پور شہر سے فاروق مقبول سٹی (اے آئی ایم آئی ایم)

بشو میائی سے سید شوالپور شمالی (کانگریس)

بائکولا سے وارث پٹھان (اے آئی ایم آئی ایم)

باندرا ویسٹ سے آصف احمد زکریا (کانگریس)

ممبرا سے جہانگیر سید (شیوسینا)

پربنی سے محمد غوث (وی بی اے)

میرا بھائندر سے مظفر حسین (کانگریس)