مہاجر مزدوروں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے مرکز نے ایک پورٹل لانچ کیا، ریاستوں سے تفصیلات اپ لوڈ کرنے کو کہا

نئی دہلی، مئی 17: مرکز نے ریاست بھر میں تارکین وطن مزدوروں کی نقل و حرکت کی نگرانی کے لیے ہفتہ کے روز ایک آن لائن ڈیش بورڈ کا آغاز کیا۔

ایک خط میں ، مرکزی سکریٹری داخلہ اجے بھلا نے ریاستوں پر زور دیا کہ وہ تارکین وطن مزدوروں کی تفصیلات ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کریں اور اس نظام کو استعمال کریں کیونکہ یہ پورٹل اس ڈیٹا کو برقرار رکھے گا۔ بھلا نے کہا ’’مہاجرین کی نقل و حرکت سے متعلق معلومات حاصل کرنے اور ریاستوں میں ان کی ہموار نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے موجودہ این ڈی ایم اے-جی آئی ایس پورٹل پر ایک آن لائن ڈیش بورڈ یعنی نیشنل مائیگرنٹ انفارمیشن سسٹم تیار کیا ہے۔‘‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’’یہ نظام فیلڈ افسران کی سطح پر اضافی کام پیدا کیے بغیر ریاستوں کے مابین تیز رفتار رابطے میں مدد کرے گا۔ اس کے رابطے کا سراغ لگانے جیسے اضافی فوائد ہیں، جو کوویڈ کے مجموعی ردعمل کے کام میں کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں۔‘‘

بھلا نے اپنے خط میں کہا کہ تارکین وطن مزدوروں کے لیے ایک انفرادی شناخت تیار کی جائے گی اور ان کے موبائل نمبر ان کے رابطوں کا سراغ لگانے کے لیے استعمال کیے جاسکیں گے۔

وزارت داخلہ نے مزید کہا کہ اس سے ریاستوں کو یہ جانکاری حاصل کرنے میں مدد ملے گی کہ کتنے لوگ حرکت میں ہیں، کہاں سے ہیں اور کتنے منزل تک پہنچ رہے ہیں۔