معروف امریکی مارشل آرٹس فائٹرکا   اسلام  قبول کرنے کا اعلان

نئی دہلی ،04 اکتوبر :۔

اسلام کے خلاف جس طرح دنیا بھر میں منفی خبریں عالمی میڈیا کے ذریعہ نشر کی جاتی ہیں اور بعض طبقات کی جانب سے قرآن کے نسخوں کو نذر آتش کر کے اسلام کی شبیہ کو داغدار کرنے کی کوشش کی جاتی ہے  اس کے بر عکس اسلام قبو کرنے والوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔تازہ خبر کے مطابق ایک اور معروف امریکی شخصیت نے اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا ہے ۔  معروف امریکی مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) فائٹر امبر لیبروک نے اسلام قبول کر لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 35 سالہ ایتھلیٹ امبر لیبروک پروفیشنل فائٹرز لیگ میں فیدر ویٹ ڈویژن میں مقابلہ کرتی ہیں اور اپنے کیریئر میں بہت سی فتوحات حاصل کر چکی ہیں۔امبر لیبروک نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔

اس ویڈیو میں اُنہیں پُرسکون ماحول میں عبادت کرتے اور قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اُنہوں نے کیپشن میں لکھا کہ پچھلے کچھ مہینے زندگی میں بہت سی تبدیلیاں لائے، میری زندگی میں بہت سے نشیب و فراز آئے، میں نے بہت زیادہ محنت کی مگر پھر بھی کمی رہی۔اُنہوں نے لکھا کہ بہت سے ایسے لوگ جن سے میں بہت پیار کرتی تھی قطع تعلق ہو گئی اور میری زندگی بالکل اُلجھ گئی تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ انہیں اس بات کی توقع نہیں تھی کہ یہ اتار چڑھاؤ زندگی میں برکتوں کے لیے جگہ بنانے کے لیے آ رہے ہیں۔

اُنہوں نے لکھا کہ زندگی کے اس مقام پر پہنچنے کے بعد لگتا ہے کہ سب کچھ بالکل ویسا ہے جیسا ہونا چاہیے تھا بلکہ میری حیثیت سے زیادہ ہے۔امبر لیبروک نے لکھا کہ یہ میری مرضی کے مطابق نہیں بلکہ یہ اللّٰہ کی مرضی کے مطابق ہوا ہے اور مجھے اس پر پورا بھروسہ ہے چاہے زندگی اچھی یا بری جو بھی ہو۔انہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا کہ یہ ایک حیرت انگیز سال رہا ہے اور یہ ابھی ختم نہیں ہوا، میں ہر اس چیز کی منتظر ہوں جو مجھے آگے ملنے والی ہے، الحمدللّٰہ!