مرکز جھوٹ بول رہا ہے، بنگال نے مہاجروں کو واپس لانے کے لیے آٹھ ٹرینوں کا منصوبہ بنایا ہے: ٹی ایم سی نے امت شاہ کو جھٹلایا

مغربی بنگال، مئی 9: ترنمول کانگریس نے آج مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر مغربی بنگال حکومت کے ذریعہ ٹرینوں کو ریاست تک نہیں جانے دینے کے بارے میں ’’جھوٹ‘‘ بولنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ انھوں نے کرناٹک، تمل ناڈو، پنجاب اور تلنگانہ سے نقل مکانی کرنے والوں کے لیے پہلے ہی آٹھ ٹرینوں کا منصوبہ بنایا ہے۔

ٹی ایم سی نے بتایا کہ پہلی ٹرین ہفتہ کو حیدرآباد سے مالدہ کے لیے روانہ ہوگی۔

شاہ نے آج مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کو خط لکھا کہ مرکز نے جب دو لاکھ سے زیادہ تارکین وطن مزدوروں کو وطن واپس جانے میں سہولت فراہم کی ہے، لیکن اسے ریاست سے متوقع حمایت نہیں مل رہی ہے۔‘‘

ٹی ایم سی کی رکن پارلیمنٹ کاکولی گھوش دستیدار نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا ’’مرکز جھوٹ بول رہا ہے، مختلف ریاستوں سے بنگال آنے والے مسافروں کو لانے کے لیے آٹھ ٹرینیں تیار ہیں۔ یہ کہنا درست نہیں ہے کہ وزیر اعلی ممتا بنرجی مہاجروں کو واپس آنے کی اجازت نہیں دے رہی ہیں۔ 16 مہاجر آپ کے سامنے ہی مر گئے، کیا وزارت ریلوے ذمہ داری قبول کرے گی؟‘‘

رکن پارلیمنٹ ڈریک او برائن سمیت ٹی ایم سی کے متعدد ممبران کے ساتھ ایک زوم میٹنگ میں کہا گیا ہے کہ مغربی بنگال ریاست میں تارکین وطن مزدوروں کے لیے 711 کیمپ چلا رہا ہے اور وہ ان کی اچھی طرح دیکھ بھال کر رہے ہیں۔

اب تک کے منصوبے کے مطابق 31،224 افراد مغربی بنگال واپس آئیں گے، ان میں صرف حیدرآباد سے 17،211 افراد شامل ہیں۔

دستیدار نے کہا ’’مرکز ہمارے وزیر اعلی کو بدنام کرنا چاہتا ہے اور ریاست میں سیاسی طور پر فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ وہ انھیں ہرا نہیں سکتے اور اسی وجہ سے وہ ہم پر خاص حملہ کر رہے ہیں۔‘‘

ٹی ایم سی کے سینئر رہنما ابھیشیک بنرجی نے ٹویٹ کر کے کہا کہ ’’امت شاہ اس الزام کو ثابت کریں یا استعفیٰ دیں۔‘‘