لوگوں کے ایک گروہ نے دہلی کے سب سے زیادہ مصروف میٹرو اسٹیشن پر ’’گولی مارو۔۔۔‘‘ کے نعرے لگائے، پولیس نے حراست میں لیا
نئی دہلی، فروری 29— شمال مشرقی دہلی کے تشدد میں 40 افراد کی ہلاکت کے چار دن بعد جب حالات آہستہ آہستہ معمول پر آرہے ہیں، چھ نوجوانوں کے ایک گروپ نے دہلی کے وسط میں واقع راجیو چوک میٹرو اسٹیشن کے اندر اشتعال انگیز ’’دیش کے غداروں کو، گولی مارو ..‘‘ کا نعرہ لگایا۔ نعرے بازی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اس گروپ کو حراست میں لے لیا گیا اور پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے ایک بیان میں اس واقعے کی تصدیق کی ہے کہ صبح 10.50 بجے میٹرو احاطے کے اندر یہ واقعہ پیش آیا اور اس میں ملوث افراد کو پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
اس سے قبل دہلی کی حالیہ انتخابی مہموں کے دوران سی اے اے مخالف مظاہرین کے خلاف مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر اور کپل مشرا سمیت بی جے پی قائدین نے یہ اشتعال انگیز نعرہ لگایا تھا۔
راجیو چوک میٹرو اسٹیشن دو مصروف ترین میٹرو لائنوں- نیلی اور پیلے رنگ لائنوں- کا ایک چوراہا ہے اور اس میں ہر روز ہزاروں مسافر آتے ہیں۔
دہلی میٹرو نے اپنے بیا میں کہا ’’دہلی میٹرو او اینڈ ایم ایکٹ 2002 کے تحت، دہلی میٹرو احاطے میں کسی بھی طرح کے مظاہرے یا پریشانیاں ممنوع ہیں۔ اس طرح کی حرکت میں ملوث کوئی بھی مسافر میٹرو احاطے سے ہٹائے جانے کا حق دار ہے۔‘‘