لاک ڈاؤن: آگرہ میں سڑک پر گرے ہوئے دودھ کو کتوں کے ساتھ جمع کرتے ہوئے ایک شخص کی ویڈیو وائرل، غریب طبقے پر لاک ڈاؤن کے منفی اثرات پر اٹھے سوال

اتر پردیش، اپریل 14: آگرہ میں سڑک پر گرے ہوئے دودھ کو کتوں کے ایک گروہ کے ساتھ جمع کرتے ہوئے ایک شخص کی وائرل ویڈیو نے معاشرے کے غریب اور معاشی طور پر کمزور طبقوں پر کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں نافذ لاک ڈاؤن کے تباہ کن اثرات کے بارے میں سوالات اٹھائے ہیں۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق ویڈیو فوٹیج پیر کے روز آگرہ کے رام باغ چوراہا میں شوٹ کی گئی تھی، جہاں دودھ کے ایک بڑے کنٹینر سے بہت سا دودھ سڑک پر گر گیا تھا۔ وہ آدمی سڑک پر بیٹھ گیا اور اسے کتوں کے برابر بیٹھا دیکھا گیا، جب وہ گرے ہوئے دودھ کو مٹی کے ایک چھوٹے برتن میں جمع کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر پھیلائی جارہی ہے۔

ہندوستان ٹائمز کی خبر کے مطابق آگرہ میں اعتماد الدولہ پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر نے واقعے کی تصدیق کی ہے، لیکن دعویٰ کیا ہے کہ خیال کیا جاتا ہے کہ وہ شخص ذہنی طور پر غیر مستحکم ہے۔ ادے ویر ملک نے اخبار کو بتایا کہ اسے کتوں کو کھانا کھلانے کا شوق ہے اور وہ انھیں کو کھانا کھلانے کے لیے دودھ جمع کررہا تھا۔‘‘

ملک نے کہا ’’یہ شخص (جو اپنی عمر کی پچاس کی دہائی میں ہے) رام باغ فلائی اوور کے نیچے رہتا ہے اور کبھی کبھی اس کے قریب ہی مندر میں جاتا ہے۔ یہ شخص اپنے لیے دودھ اکٹھا نہیں کررہا تھا بلکہ کتوں کو کھلانے کے لیے کر رہا تھا۔‘‘

پولیس اہلکار نے بتایا کہ یہ شخص تنہا رہتا تھا اور اس کا کوئی کنبہ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 24 مارچ کو اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے 21 دن کا ملک گیر لاک ڈاؤن اگلے دن سے شروع ہوجائے گا۔ جس کے بعد کاروبار میں اضافے اور اداروں کا کاروبار بند ہونے سے روزانہ مزدوری کرنے والے مزدوروں کی ایک بڑی تعداد بےروزگار ہو گئی ہے اور انھیں بہت سی مشکلات کا سامنا ہے۔