قومی اہلیتی ٹیسٹ (UGC-NET)

ڈگری کالج اور یونیورسٹی سطح پر تدریس اور جونیر ریسرچ فیلو (جے آر ایف) کے لیے لازمی امتحان

مومن فہیم احمد عبدالباری
(لیکچرر صمدیہ جونیر کالج، بھیونڈی)

 

ہندوستان میں تعلیمی شعبہ پرائمری سے یونیورسٹی سطح تک ملازمتوں کی فراہمی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ جدید تکنیکوں اور نئے نئے کورسیس نے اس شعبہ میں بھی روزگار کے مواقع میں اضافہ کردیا ہے۔ تعلیمی شعبے میں ملازمت کے لیے مخصوص مہارت اور تربیت لازمی ہے۔ ابتدائی سطح پر گریجویشن کے ساتھ ڈپلوما اِن ایجوکیشن، بیچلر اِن ایجوکیشن، بیچلر ان فزیکل ایجوکیشن، جونیر کالج کی سطح پر پوسٹ گریجویشن کے ساتھ بیچلر ان ایجوکیشن، ڈگری کالج سطح پر پوسٹ گریجویشن کے ساتھ نیٹ یا سیٹ کی قابلیت ہونا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی سطح پر اسوسی ایٹ پروفیسر، اسسٹنٹ پروفیسر وغیرہ کے لیے ایک امیدوار کا ڈاکٹریٹ (پی ایچ ڈی) ہونا لازمی ہے۔ ایک تجزیے کے مطابق ہندوستان دنیا میں سب سے زیادہ تعلیم حاصل کرنے والے افراد کی فہرست میں پہلے مقام پر ہے۔ ہمارے ملک میں بتدریج اعلیٰ تعلیم میں انرولمنٹ کی شرح بڑھتی جا رہی ہے اور اسی کے مطابق اس شعبے میں ملازمت کے مواقع بھی بڑھیں گے۔ ہمارے طلبہ کو بھی اعلیٰ تعلیم میں رغبت پیدا کرنی ہوگی اور تعلیمی شعبے میں اپنا مقام بنانا ہوگا۔ تو آئیے قومی سطح پر ڈگری کالیجز میں بحیثیت اسسٹنٹ پروفیسر اور جونیر ریسرچ فیلو شپ امیدواروں کے لیے اہلیتی امتحان کا جائزہ لیں۔ جس کے لیے ریاستی سطح پر سیٹ (State Eligibility Test) اور قومی سطح پر (National Eligibility Test) جنہیں ہم عرفِ عام میں نیٹ/سیٹ کہتے ہیں۔ نیٹ (NET) امتحان سے متعلق دیگر تفصیلات حسبِ ذیل ہیں۔
منعقد کرنے والا ادارہ: قومی سطح پر منعقد ہونے والا یہ امتحان یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کے لیے تشکیل کردہ خود مختار ادارے نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے ذریعے سال میں دو مرتبہ جون اور دسمبر میں منعقد کیا جاتا ہے۔ امسال کووڈ کی بناء پر یہ امتحان دسمبر ۲۰۲۰؁ سائیکل کا امتحان مئی ۲۰۲۱؁ء میں ۳؍مئی تا ۱۷؍مئی 2021ءکے درمیان آن لائن طریقے پر منعقد ہوگا۔
یہ کن امیدواروں کے لیے ہے؟
قومی سطح پر کسی بھی ڈگری کالج میں بحیثیت اسسٹنٹ پروفیسر ملازمت کے متمنی یا یو جی سی کی اسکیموں کے لیے جونیر ریسرچ فیلوشپ حاصل کرنے یا پھر دونوں کے خواہشمند امیدوار اس امتحان میں شریک ہوسکتے ہیں۔
اہلیت، رعایت اور مضامین: فی الوقت یہ امتحان ۸۱ (اکیاسی) مضامین کے لیے منعقد ہو رہا ہے جس کی تفصیل ویب سائٹ www.nta.ac.in پر دستیاب ہے۔ مذکورہ مضامین میں پوسٹ گریجویٹ کامیاب طلبہ جنہوں نے ۵۵ فیصد یا اس سے زائد مارکس حاصل کیے ہیں یا پوسٹ گریجویشن کے آخری سال میں ہوں وہ درخواست دے سکتے ہیں۔ امیدوار صرف انہی مضامین کا انتخاب کرسکتے ہیں جس میں انہوں نے پوسٹ گریجویشن کیا ہے۔ اوبی سی، ایس سی، ایس ٹی، معذور اور ٹرانس جینڈر امیدواروں کو ۵ فیصد مارکس کی رعایت ہوگی یعنی ایسے امیدوار وں کا پوسٹ گریجویشن میں پچاس فیصد مارکس ہو تو وہ بھی درخواست دے سکتے ہیں۔
پی ایچ ڈی ہولڈرس کو رعایت: ایسے امیدوار جن کا پی ایچ ڈی ۱۹؍ستمبر ۱۹۹۱؁ء سے قبل مکمل ہوچکا ہے اگر وہ اس امتحان میں شریک ہونا چاہتے ہیں تو انہیں ۵ فیصد کی رعایت ہوگی۔
امتحان کی نوعیت، طریقہ کار، سنٹرس اور پرچوں کی تفصیل: یہ امتحان کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ (CBT) ہوگا۔ یعنی امتحان مکمل آن لائن ہوگا جس کے لیے ملک کے مختلف شہروں میں امتحان کے سنٹرس ہوں گے، شہروں کی تفصیل ویب سائٹ پر موجود ہے۔ دو پرچے ہوں گے جو ملٹی پل چوائس کے سوالات پر مبنی ہوں گے اور دونوں پرچوں ایک ساتھ تین گھنٹے کے دورانیے میں مکمل کرنے ہوں گے۔ پہلا پرچہ پچاس سوالات پر مشتمل سو مارکس کا ہوگا۔ یہ ٹیچنگ اور ریسرچ اپٹیٹیوٹ کی جانچ کے لیے ہوگا۔ جبکہ دوسرا پرچہ سو سوالات پر مشتمل دو سو مارکس کا ہوگا۔ دوسرا پرچہ امیدوار کے ذریعے منتخب کیے گئے مضمون کا ہوگا جس کے تمام سوالات لازمی ہوں گے۔ اس طرح تین گھنٹے میں ایک سو پچاس سوالات تین سو مارکس کے لیے حل کرنے ہوں گے۔
ٹسٹ کی مشق (Mock Test): نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے طلبہ کی سہولت کے لیے آن لائن امتحان کی مشق کے لیے موک ٹسٹ کی سہولت بھی فراہم کی ہے تاکہ طلبہ کو اصل امتحان کا تجربہ مل جائے اور وہ ذہنی طور پر اس کے لیے تیار ہوں۔ موک ٹسٹ کی مزید تفصیلات ویب سائٹ پر درج ہیں۔
فیس: جنرل امیدواروں کو ہزار روپے، جنرل (ای ڈپلیو ایس)، او بی سی (نان کریمی لئیر) امیدواروں کو پانچ سو روپے جبکہ ایس سی، ایس ٹی، معذور اور ٹرانس جینڈر امیدواروں کو دو سو پچاس روپے فیس ادا کرنا ہوگی۔
فارم بھرنے کا طریقہ: خواہشمند امیدوار ویب سائٹ www.nta.ac.in یا https://ntanet.nic.in پر جائیں۔ دی گئی لنک Fill Application Form for Dec. 2020 cycle (May 2021) پر کلک کریں۔ امیدواروں کو تین مرحلوں میں فارم بھرنا ہوگا۔ پہلا مرحلہ رجسٹریشن، فوٹو اور دستخط اپلوڈ کرنا اور امتحان کی فیس ادا کرنا۔ امیدوار New Registration پر کلک کریں۔ دی گئی ہدایات بالخصوص فوٹو، دستخط اور پاس ورڈ سے متعلق چیزوں کا بغور مطالعہ کریں اور اس کے بعد فیس بھریں۔ فیس آن لائن، نیٹ بینکنگ، ڈیبٹ کارڈ، کریڈٹ کارڈ کے ذریعہ ادا کی جا سکتی ہے۔امیدواروں کو امتحان کے مرکز کے طور پر چار شہروں کو منتخب کرنا ہوگا، ایجنسی اس بات کو ترجیح دے گی کہ امیدوار کے قریبی شہر میں امتحان کا سنٹر دیا جائے لیکن انتظامی امور کے تحت دور کا سنٹر بھی دیا جاسکتا ہے۔
اہم تاریخیں: فارم بھرنے کا آغاز ہو چکا ہے۔ ۲؍مارچ ۲۰۲۱ء تک آن لائن فارم بھرے جا سکتے ہیں، جبکہ ۳؍مارچ۲۰۲۱ء رات ۵۰۔۱۱ تک فیس کی ادائیگی کی لنک کھلی رہے گی۔ اگر آپ کے فارم میں کچھ غلطی ہو گئی ہو تو اس کی تصحیح کے لیے ۵؍مارچ۲۰۲۱ء تا ۹؍مارچ۲۰۲۱ء تک تصحیح کے لیے پورٹل پر لاگ ان کیا جا سکتا ہے۔ امتحان کی تاریخ، وقت اور امتحانی مرکز کا نام و پتہ امیدوار کے ہال ٹکٹ پر درج ہوگا۔ ہال ٹکٹ کی دستیابی کی تاریخ عنقریب ویب سائٹ اور امیدواروں کو ای میل اور میسیج کے ذریعے دی جائے گی۔
کچھ اہم باتیں: امیدوار کو فارم بھرتے وقت اپنا ورکنگ ای میل آئی ڈی اور موبائل نمبر استعمال کرنا ہوگا۔ ایجنسی کی جانب سے تمام معلومات ای میل اور میسیج کے ذریعے موصول ہوں گی۔ امسال کووڈ کی بناء پر مزید احتیاطی اقدامات جیسے ماسک، سینیٹائزر وغیرہ ساتھ رکھنے کی اجازت ہوگی۔ امیدوار کو امتحان گاہ میں اپنا ایک فوٹو بھی ساتھ لے جانا ہے۔ فوٹو وہی ہونا چاہیے جو آپ نے فارم بھرتے وقت اپلوڈ کیا ہے۔ فوٹو زیادہ پرانا نہ ہو۔ بیک گراونڈ سفید اور چہرہ ۸۰ فیصد تک کھلا ہونا چاہیے۔ کان واضح طور پر نظر آئیں اس کا خیال رکھیں۔
پرچہ اول (PAPER I) کی تیاری کیسے کریں؟
نیٹ اور سیٹ امتحان کے دونوں پرچوں میں سے پہلا پرچہ تدریسی و تحقیقی رجحان (Teaching & Research Aptitude) کی جانچ کے لیے ہوتا ہے۔ بنیادی طور پر اسے امیدوار کی توجیہی قابلیت (Reasoning Ability) انگریزی فہم و ادراک (Comprehension) منفرج سوچ (Divergent Thinking) اور عمومی معلومات (General Awareness) کی جانچ کے لیے ترتیب دیا جاتا ہے۔ غلط جواب پر کوئی منفی مارکنگ نہیں ہوتی جبکہ تمام پچاس سوالات لازمی ہوتے ہیں۔ پرچہ اول تدریسی جانچ، تحقیقی جانچ، ادراک، ترسیل، ریاضیاتی توجیہات، منطقی توجیہات، اعداد وشمار کا بیان، انفارمیشن و کمیونکیشن ٹیکنالوجی (کمپیوٹر) عوام و ماحول، اعلیٰ تعلیمی نظام (حکومت، پالیسی اور انتظامیہ) حصوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ بازار میں اس کے لیے خاص کتابیں دستیاب ہیں۔ تمام امیدواروں کو چاہے ان کا دوسرا پرچہ کسی بھی مضمون کا ہو پہلا پرچہ لازمی طور پر یہی ہوتا ہے۔ اس پرچے کی تیاری کے لیے کتابوں کے علاوہ باقاعدہ منصوبہ بندی کی ضرورت ہے جس کے لیے چند اہم نکات درج ذیل ہیں۔
اسٹڈی پلان تیار کریں: پرچہ اول کے تمام سیکشن (حصوں) کے مطالعے کے لیے باقاعدہ ایک ٹائم ٹیبل ترتیب دیں اور ہر دن کا ایک نشانہ مقرر کریں۔
نصاب کا مکمل ادراک: یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) نے اپنی ویب سائٹ پر نصاب کی مکمل معلومات فراہم کی ہے امیدوار باریک بینی سے مطالعہ کریں اور اہم اسباق اور تصورات کو سمجھ لیں۔
زیادہ سے زیادہ سوالات حل کرنے کی کوشش کریں: گزشتہ برسوں کے پرچوں میں پوچھے گئے زیادہ سے زیادہ سوالات حل کرنے کی کوشش کریں۔ اس سے آپ کی سوالات حل کرنے کی رفتار میں تیزی اور درستگی آئے گی۔
اپنے کمزور پہلوؤں پر محنت کریں: آپ کن شعبوں میں کمزور ہیں مشقی امتحان (Mock Test) اور گزشتہ پرچوں کو حل کرنے سے آپ کو اس کا اندازہ ہو جائے گا۔ ان پر زیادہ محنت کیجیے، بار بار پڑھیے اور زیادہ سے زیادہ وقت دیجیے۔
نظمِ وقت (Time Management): امتحان کے دوران وقت کا خیال رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ آپ کو تین گھنٹے میں ایک سو پچاس سوالات حل کرنے ہیں۔ کمپیوٹر بیسڈ ٹسٹ ہونے کی بناء پر آپ کو صرف صحیح جواب پر نشان لگانا ہوگا۔ آپ جتنی مرتبہ چاہیں اپنے جوابات تبدیل کرسکتے ہیں۔ وقت مکمل ہونے سے قبل آپ ٹسٹ ختم نہیں کرسکتے۔ مشقی سوالات حل کرنا آپ کو وقت کا بہتر استعمال سکھاتا ہے۔
بہت سے طلبہ سے بات کرنے پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ دوسرا پرچہ چونکہ ان کے پوسٹ گریجویشن کے مضمون کا ہوتا ہے اس لیے عموماً اس میں انہیں کم پریشانی ہوتی ہے لیکن پہلا پرچہ بعض امیدواروں کی سمجھ میں بھی نہیں آتا۔ اس کی ایک اہم وجہ ناقص منصوبہ بندی اور لاپروائی ہے۔ پہلے پرچے کی تیاری کسی بھی اہلیتی امتحان کے لیے دستیاب کتاب کی مدد سے کی جا سکتی ہے بالخصوص، بی ایڈ اور پی ایچ ڈی کے اہلیتی امتحانوں کے لیے دستیاب کتابیں اہم رول ادا کرتی ہیں۔ مزید ویب سائٹ پر موجود مشقی امتحان (Mock Test) کارآمد ثابت ہوتا ہے۔ ایسے تمام امیدوار جو اس امتحان میں کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں انہیں باقاعدہ منصوبہ بند پڑھائی، صحیح سمت میں اور مستقل مزاجی کے ساتھ کرنا چاہیے، کامیابی یقیناً ان کے قدم چومے گی۔
***

مئی 2021ء میں منعقد شدنی امتحان کا شیڈول
امتحان کا طریقہ: کمپیوٹر بیسڈ ٹسٹ
رجسٹریشن: ۲؍فروری تا ۲؍مارچ ۲021ء
فیس داخل کرنے کی آخری تاریخ: ۳؍مارچ۲۰۲۱ء
امتحان کی تاریخیں: ۲؍مئی تا ۱۷؍مئی ۲۰۲۱ء
درخواست فارم میں تصحیح: ۵؍ مارچ تا ۹؍مارچ ۲۰۲۱ء
فیس (جنرل) : ۱۰۰۰ روپے
EWS / OBC-NCL ۵۰۰ روپے
ایس سی، ایس ٹی، معذور اور تیسری جنس: ۲۵۰ روپے
فارم اور امتحان کا طریقہ: آن لائن
www.ugcnet.nta.nic.in

مشمولہ: ہفت روزہ دعوت، نئی دلی، شمارہ 21 فروری تا 27 فروری 2021