فاروق عبداللہ کی نظر بندی میں مزید تین ماہ کا اضافہ
سرینگر: سابق وزیر اعلیٰ اور موجودہ رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی نظر بندی میں مزید تین ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ 82 سالہ فاروق عبداللہ کی نظربندی میں تین ماہ کی توسیع کی گئی ہے اور وہ اگلے احکامات تک اپنی رہائش گاہ پر ہی نظربند رہیں گے۔
واضح رہے کہ فاروق عبداللہ پر 16 ستمبر کو پی ایس اے کا اطلاق کیا گیا تھا اور انھیں 5 اگست کو ان کی رہائش گاہ پر نظربند کیا گیا تھا۔ حکومت نے فاروق عبداللہ پر پی ایس اے لگانے کے ساتھ ہی ان کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ پی ایس اے کو انسانی حقوق کے عالمی نگراں ادارے ’’ایمنسٹی انٹرنیشنل‘‘ نے ایک ’’غیرقانونی قانون‘‘ قرار دیا ہے۔ اس کے تحت عدالتی پیشی کے بغیر کسی بھی شخص کو کم از کم تین ماہ تک قید کیا جاسکتا ہے۔ جموں وکشمیر میں اس قانون کا اطلاق حریت پسندوں اور آزادی حامی احتجاجی مظاہرین پر کیا جاتا ہے۔ جن پر اس ایکٹ کا اطلاق کیا جاتا ہے اُن میں سے اکثر کو کشمیر سے باہر جیلوں میں بند کیا جاتا ہے۔
(ایجنسیاں)