غزہ کے الاہلی عرب اسپتال پر اسرائیل کی وحشیانہ  بمباری، سینکڑوں فلسطینی شہید

اسرائیل کے ذریعہ اسپتال کو نشانہ بنائے جانے پر دنیا بھر میں غم و غصہ ،اسرائیلی کارروائی کی مذمت، بائیڈن سے عرب سربراہوں کی میٹنگ منسوخ

غزہ ،18 اکتوبر :۔

غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے ۔اسپتالوں اور اسکولوں پر اسرائیلی وحشیانہ کارروائی میں روزانہ سیکڑوں کی افراد میں عام شہری ہلاک ہو رہے ہیں ،خواتین اور معصوم بچوں کی دلدوز تصاویر کلیجے کو چیر دینے والی ہیں ۔دنیا بھر میں انصاف پسند طبقہ غزہ کے بے گناہ شہریوں پر اسرائیلی کارروائی کی مذمت کر رہا ہے لیکن امریکہ اور برطانیہ جیسے مفاد پرست ممالک کی پشت پناہی میں اسرائیلی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے ۔

غزہ کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے الاہلی عرب اسپتال کے احاطے میں بمباری کے نتیجے میں 500 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے اسپتال کو نشانہ بنایا جس میں طبی عملہ، مریض اور پناہ لیے ہوئے عام شہری جاں بحق  ہوئے۔اسرائیلی فوج کے مطابق وہ اس حملے کی رپورٹ کا جائزہ لے رہے ہیں۔

اسپتال پر حملے کے بعد منظر عام پر آنے والی تصاویر خوفناک اور دل دہلا دینے والی ہیں، بڑے پیمانے پر آگ، تباہی اور زمین پر بکھرے انسانی اعضاء نظر آرہے ہیں۔فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے حملے پر تین روزہ سوگ منانے کا اعلان کیا۔

دریں اثناسعودی عرب نے غزہ میں اسپتال ’’ الاھلی المعمدانی‘‘ پر اسرائیلی قابض فوج کی بمباری کو گھناؤنا جرم قرار دیا۔ سعودی عرب کے علاوہ ترکیہ، عمان، قطر اور مصر اور دیگر ملکوں نے بھی اس انسانیت سوز حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اسرائیلی فوج نے حملہ کرکے خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں نہتے فلسطینیوں کو خون میں نہلا دیا ہے

خلیجی ریاستوں نے اس بمباری کی شدید مذمت کی۔ متحدہ عرب امارات اور روس نے ہسپتال پر بمباری کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔

دریں اثنا اس حملے نے اسرائیل کے اپنے دفاع کے حق کی حمایت حاصل کرنے کی امریکی سفارتی کوششوں کو پٹڑی سے اتار دیا ہے۔ اردن کے شہر عمان میں امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ عرب رہنماؤں کی سربراہی ملاقات منسوخ کر دی گئی ہے۔

اردن کے وزیر خارجہ ایمن صفادی نے اعلان کیا ہے کہ بدھ کو عمان میں اردن کے شاہ عبداللہ، مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور فلسطینی صدر محمود عباس کی امریکی صدر بائیڈن کے ساتھ ہونے والی سربراہی ملاقات منسوخ کر دی گئی ہے۔