شیوسینا،این سی پی اور کانگریس کی اتحادی حکومت پانچ سال مکمل کرے گی: شرد پوار

ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدرشردپوار نے ایک بار پھر کہا ہے کہ مہاراشٹرمیں شیوسینا، کانگریس اور این سی پی کی مجوزہ حکومت جلد تشکیل دی جائیگی اور وہ اپنے پانچ سال مکمل بھی کرے گی۔

انہوں نے آج ناگپور میں اس امکان کو مسترد کردیا کہ ریاست میں وسط مدتی انتخابات ہوں گے جہاں فی الحال صدر راج ہے ۔پوارنے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تینوں پارٹیاں ریاست کی ترقی و فروغ کے لیے کام کریں گی۔ انہوں نے مزید کہاکہ فی الحال تینوں پارٹیاں سی ایم پی  پر کام کررہی ہیں اور ان کے درمیان تبادلۂ خیال جاری ہےاور اتفاق کے بعد ہی حتمی فیصلہ پر پہنچیں گے۔

انہوں نے ان رپورٹوں کی تردید کی کہ بی جے پی اور این سی پی کے درمیان سرکار کی تشکیل کے لیے بات چیت جاری ہے یا اس سلسلہ میں کئی تجارتی کمپنیوں کا دباؤ ہے۔ پوار نے کہاکہ ہماری کانگریس،سینا اور دیگر اتحادیوں کے ساتھ گفتگو جاری ہے اور ممبئی میں سی ایم پی پر بات چیت جاری ہے۔

سابق وزیراعلی فڑنویس کے اس طنز پر کہ شیوسینا،این سی پی اور کانگریس کی مجوزہ حکومت چھ مہینے سے زیادہ قائم نہیں رہے گی، شردپوار نے کہاکہ ’’میں فڑنویس کو کافی عرصہ سے جانتا ہوں ،لیکن۔مجھے اس بات کا پتہ نہیں ہے کہ وہ نجومی ہیں۔‘‘

شردپوار کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ سیکولرزم کا پرچم بلند کیا ہے اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ہم کسی کے خلاف ہیں۔ اس سوال پر کہ اقتدار کی ساجھیداری میں کون وزیراعلی بنے گا تو انہوں نے کہا کہ یکساں قلیل ترین پروگرام کے تحت فیصلہ کیا جائےگا۔

سیاسی ذرائع کے مطابق شیوسینا کو پانچ سال کے لیے وزیر اعلی کا عہدہ دیا جائے گا جب کہ کانگریس اور این سی پی کو پانچ پانچ سال کے لیے نائب وزیراعلی کے عہدے دیے جائیں گے۔ کانگریس کو اسپیکر کا عہدہ دیا جائیگا اور 14قلمدان اور این سی پی کو 12وزاتیں دی جائیں گی۔ اتوار کو شردپوار نئی دہلی میں کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کرسکتے ہیں اور انہیں تازہ ترین صورت حال سے مطلع کریں گے۔

(ایجنسیاں)