اعلی تعلیم کے سلسلہ میں تلنگانہ ملک کا پسندیدہ مقام

سی آئی آئی کا ایجوکیشن سمٹ، ونود کمار اور پروفیسر پاپی ریڈی کا خطاب

 

حیدرآباد۔ 15 نومبر: سی آئی آئی اور تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کے زیر اہتمام ایجوکیشن سمٹ کا اہتمام کیا گیا۔ ڈی راجو صدر سی آئی آئی تلنگانہ اور منیجنگ ڈائرکٹر کربی بلڈنگ سسٹم اینڈ اسٹرکچر نے انڈیا میں تعلیمی اداروں اور صنعتوں کو مربوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ پروفیسر ٹی پاپی ریڈی صدر تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن نے صنعت کاروں سے اپیل کی کہ وہ کامیاب تجربات کو تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کے سلسلہ میں تعاون کریں۔ نائب صدر تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ ملک کی سب سے نوجوان ریاست ہے جو آئی ٹی، فارما، ٹریڈ، انفراسٹرکچر اور بایوٹیک شعبوں میں نمایاں ترقی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی کے علاوہ تعلیم کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ونود کمار نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کا جی ای آر 36.3 فی صد ہے جو قومی شرح سے زائد ہے جو کہ 25 فیصد ہے۔ خواتین کی خواندگی کے معاملہ میں تلنگانہ نے غیر معمولی ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے تلنگانہ کو تعلیم اور ریسرچ کے ساتھ ساتھ تمام طبقات کے لیے تعلیم کو عام کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس پر کامیابی سے عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تلنگانہ ایجوکیشن ہب کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مندوبین کو بتایا کہ ملک اور بیرون ملک تلنگانہ کو اعلی تعلیم کے لیے پہلی ترجیح کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے تعلیمی شعبے کو مزید مستحکم کرنے اور نوجوانوں کو ٹریننگ کی فراہمی پر توجہ دی ہے۔ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن صنعتی اداروں اور تعلیمی اداروں کے درمیان ایک پل کا کام کرسکتا ہے۔ انہوں نے سی آئی آئی اور کونسل فار ہائیر ایجوکیشن سے سمٹ کے انعقاد پر اظہار تشکر کیا۔