شاہین باغ احتجاج: دہلی انتخابات کی وجہ سے سپریم کورٹ نے شاہین باغ ناکہ بندی پر سماعت پیر کے روز تک ملتوی کی

نئی دہلی، فروری 7: نوئیڈا کو دہلی سے جوڑنے والے کالندی کنج روڈ سے شاہین باغ احتجاج کو ختم کرنے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے جمعہ کو معاملہ 10 فروری، پیر تک ملتوی کردیا۔

جسٹس ایس کے کول اور جسٹس کے ایم جوزف پر مشتمل بنچ نے درخواست گزار کو بتایا کہ عدالت دہلی اسمبلی انتخابات کی وجہ سے معاملہ ملتوی کررہی ہے۔

لائیو لا ڈاٹ ان کے مطابق جب درخواست گزار امت ساہنی، جو خود ایک وکیل ہیں، نے زور دے کر کہا کہ انتخابات کی وجہ سے احتجاج کو سڑک سے ختم کرنا پڑے گا، تو جسٹس کول نے کہا "یہی وجہ ہے کہ ہم پیر کو اس کی پوسٹنگ کر رہے ہیں۔ ہم آپ کی تشویش کو سمجھتے ہیں، لیکن اس وقت تک انتظار کریں”۔

جسٹس کول نے کہا "ہم سمجھتے ہیں کہ وہاں ایک مسئلہ ہے۔ لیکن ہمیں اس پر غور کرنے کی ضرورت ہوگی۔”

اس سے قبل درخواست گزار نے دہلی ہائی کورٹ میں رجوع کیا تھا لیکن ہائی کورٹ نے کوئی باقاعدہ حکم دیے بغیر پولیس کو درخواست گزار کی شکایات پر "غور” کرنے کی ہدایت کر کے درخواست خارج کردی۔

ساہنی نے اس حکم کو عدالت عظمی میں چیلنج کیا ہے۔

ساہنی نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ کالندی کنج اور متھرا روڈ خطے کے مابین سڑک کی "ناکہ بندی” کی وجہ سے ایک "خطرناک صورت حال” پیدا ہوئی ہے۔ اس کے نتیجے میں مسافر اور آس پاس میں بسنے والے شہری پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں۔