سی بی ایس سی بورڈ کے امتحانات طلبا کے اپنے اسکولوں میں ہوں گے، نتائج جولائی کے آخر تک متوقع: ایچ آر ڈی منسٹری

نئی دہلی، مئی 20: وزارت انسانی وسائل کے مطابق طلبا بیرونی امتحانات مراکز کے بجائے ان اسکولوں میں زیر التوا کلاس 10 اور 12 بورڈ امتحانات میں شرکت کریں گے جہاں ان کا داخلہ ہے۔

وزارت جولائی کے آخر تک بورڈ امتحانات کے نتائج کا اعلان کرنے کا بھی منصوبہ بنا رہی ہے اور لاک ڈاون کے اعلان سے پہلے ہوئے امتحانات کے لیے جانچ کا عمل شروع ہوچکا ہے۔

سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) کے عہدیداروں کے مطابق طلبا بیرومی امتحان مراکز پر نہیں بلکہ اپنے ہی اسکولوں میں امتحانات کے لیے حاضر ہوں گے۔

بورڈ کے عہدیدار کے مطابق ’’طلبا اپنے اسکولوں میں امتحانات دیں گے نہ کہ بیرونی امتحان مراکز میں، تاکہ ان کے لیے کم سے کم سفر کو یقینی بنایا جائے۔ سماجی دوری کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کے لیے اسکول ذمہ دار ہوں گے اور طلبا کو خود سے سینیٹائزر کی بوتلیں لانی ہوں گی اور اپنے چہرے کو ماسک سے ڈھکنا ہوگا۔‘‘

بورڈ نے پیر کے روز زیر التوا کلاس 10 اور 12 بورڈ امتحانات کے لیے تاریخوں کا اعلان کیا تھا، جو اب 1-15 جولائی تک سخت فاصلاتی اصولوں کے ساتھ منعقد ہوگا۔

25 مارچ سے نافذ ملک گیر لاک ڈاؤن کی وجہ سے امتحانات ملتوی کردیے گئے تھے۔