سماجی کارکن دیو دیسائی کو ٹرمپ کے دورہ سے کچھ گھنٹے قبل احمد آباد میں حراست میں لیا گیا

احمد آباد، فروری 24— گجرات میں انسانی حقوق کے کارکن اور انہد نامی این جی او کے معتمد دیو دیسائی کو پیر کے اوائل میں گجرات پولیس کی کرائم برانچ نے شہر میں واقع ان کے گھر سے حراست میں لے لیا۔ نامور کارکن اور انہد کے بانی ممبرشبنم ہاشمی نے ٹویٹ کیا کہ دیو کو پولیس نے صبح دو بجے کے قریب ان کے گھر سے حراست میں لیا۔

دیو کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دو روزہ دورے پر احمد آباد پہنچنے سے چند گھنٹے قبل حراست میں لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ نظربندی امریکی صدر کے دورے کے خلاف کسی بھی طرح کے احتجاج کو روکنے کے لیے ہے۔ دیو دیسائی انسانی حقوق کے ایک مشہور کارکن ہیں اور سی اے اے مخالف مظاہرے میں سرگرم ہیں۔

واضح رہے کہ احمد آباد اور ملک کے دیگر حصوں میں جہاں امریکی صدر تشریف لے جارہے ہیں وہاں سیکیورٹی انتظامات کو سخت کردیا گیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے دو روزہ دورہ ہندوستان میں اپنے اہل خانہ اور امریکہ سے ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ آ رہے ہیں۔