سلامتی کونسل اسرائیل کو غزہ جنگ روکنے کا پابند بنانے والی قرار داد لائے: سعودی عرب

ریاض ،06 اپریل :۔

اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل نمائندے سفیر عبدالعزیز الواصل نے کہا ہے کہ عرب گروپ غزہ کی پٹی میں جنگ کے خاتمے کے لیے اسرائیل کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے باب 7 کے تحت فیصلہ کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔

عبد العزیز الوصل نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے سامنے ایک تقریر میں زور دیا کہ ورلڈ سینٹرل کچن آرگنائزیشن سے تعلق رکھنے والے امدادی کارکنوں کا قتل کس نے کیا یہ واضح ہے۔ عرب گروپ اس واقعے کی بین الاقوامی تحقیقات کا بھی مطالبہ کرتا ہے۔ سعودی نمائندے نے سلامتی کونسل کے سامنے مزید کہا کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے۔

عرب لیگ کی کونسل نے بدھ کے روز ایک قرارداد میں سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے باب ہفتم کے تحت اسرائیل کو غزہ میں جنگ روکنے پر مجبور کرنے کے لیے ایک قرارداد لائے۔ اس قرار داد میں رفح میں کسی بھی فوجی کارروائی کے خلاف انتباہ بھی دیا جائے۔ یاد رہے رفح میں لگ بھگ پندرہ لاکھ کے قریب فلسطینی پناہ گزین ہیں۔

عرب لیگ کونسل نے قاہرہ میں اپنے مندوبین کی سطح کے اجلاس کے بعد ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ رفح پر حملے کو مجموعی طور پر عرب قومی سلامتی پر حملہ تصور کیا جائے گا اور ایسا حملہ خطے میں امن کے مواقع کے خاتمے اور تنازعات کے پھیلاؤ کا باعث بنے گا۔ ورلڈ سینٹرل کچن آرگنائزیشن نے منگل کے روز کہا تھا کہ غزہ کی پٹی کے وسطی علاقے دیر البلح میں اسرائیلی فوج کے حملے میں اس کی ٹیم کے 7 ارکان مارے گئے ہیں۔