سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی طبیعت ناساز، دہلی میں ایمس میں داخل

نئی دہلی، مئی 11: سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو سینے میں درد کی شکایت کے بعد اتوار کی رات دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں داخل کیا گیا ہے۔ کانگریس کے سینئر رہنما کو رات 8.45 بجے اسپتال کے کارڈیوتھوراسک وارڈ میں لے جایا گیا اور وہ زیر مشاہدہ ہیں۔

ایمس کے حکام نے بتایا کہ سنگھ نے ایک نئی دوائی سے ری ایکشن ہوا ہے۔ انھوں نے کہا ’’ڈاکٹر منموہن سنگھ کو ایک نئی دوائی سے ری ایکشن ہونے کے بعد انھیں مشاہدے اور تفتیش کے لیے داخل کیا گیا ہے۔ بخار کی دوسری وجوہات کو مسترد کرنے کے لیے ان کی تفتیش کی جارہی ہے اور ان کی ضرورت کے مطابق دیکھ بھال کی جارہی ہے۔‘‘

سنگھ کے دفتر نے تصدیق کی کہ انھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے لیکن انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ ٹھیک ہو رہے ہیں۔ سنگھ کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ’’وہ ٹھیک ہیں۔ کل [ہفتہ] کو دی گئی دواؤں کے مضر اثرات کے باعث انھیں بخار ہوگیا تھا، لہذا انھیں اسپتال لے جایا گیا تھا۔ وہ زیر نگرانی ہیں۔‘‘

ملک کے متعد رہنماؤں اور سماجی شخصیات نے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔