رام مندر کی تعمیر اگست میں شروع ہوسکتی ہے، وزیر اعظم ’’بھومی پوجن‘‘ کے لیے مدعو
نئی دہلی، جولائی 19: ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر اگلے مہینے کی ابتدا میں شروع ہوسکتی ہے۔ رام جنم بھومی ٹرسٹ وزیر اعظم مودی کو ایک درخواست بھیج کر ان کے ذریعے 3 یا 5 اگست کو ’’بھومی پوجن‘‘ کا انعقاد کروائے گا۔
یہ فیصلہ اس ٹرسٹ کے اجلاس میں کیا گیا ہے، جو مندر کی تعمیر کی نگرانی کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔ تاہم اس کے جنرل سکریٹری چمپت رائے نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ کوویڈ 19 کے بحران اور لداخ میں ہند-چین تنازعات حل ہونے کے بعد جب صورت حال معمول پر آجائے گی، تو مندر کے لیے فنڈز اکٹھا کیے جائیں گے۔
رائے نے کہا ’’ایک بار جب فنڈز جمع ہو جائے گا، تو مندر کی تعمیر کی تمام رکاوٹیں بھی دور ہو جائیں گی اور جیسے ہی صورت حال معمول پر آ جائے گی اس کے بعد ہمیں امید ہے کہ یہ تعمیر تین سے ساڑھے تین سال میں مکمل ہوجائے گی۔‘‘
ٹرسٹ کے ممبر کامیشور چوپل نے کہا کہ رام مندر کی مجوزہ اونچائی کو بھی 148 فٹ سے بڑھا کر 161 فٹ کردیا جائے گا۔
کامیشور نے مزید کہا ’’پورا ملک چاہتا ہے کہ وزیر اعظم بھومی پوجن کریں اور ہم نے پی ایم او کو دو تاریخیں دی ہیں۔ وہ اپنی سہولت کے مطابق فیصلہ کرسکتے ہیں۔ وزیر اعظم کا کام معمول کی بات نہیں ہے۔ ملک سرحد اور کورونا وائرس سے مقابلہ کر رہا ہے، لہذا وہ دستیابی کے مطابق وقت دیں گے اور ہم اس سے اتفاق کریں گے۔‘‘
کامیشور چوپل نے مزید کہا کہ ’’معتقدین نے مندر کی شکل کو تبدیل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اب اس میں پہلے سے منصوبہ بند 3 کے بجائے 5 گنبد ہوں گے۔ مندر کی اونچائی کو بھی پہلے سے بڑھا دیا گیا ہے۔‘‘
ہفتہ کو ٹرسٹ کے اجلاس میں مندر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تاریخ اور مندر کے اسٹرکچر پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ٹرسٹیوں کے مطابق مندر کے لیے فنڈ ’’کر سیوا‘‘ کے ذریعے کی جمع کیا جائے گا۔