رام مندر کی ’’بھومی پوجن کی تقریب‘‘ کورونا وائرس کے پیشِ نظر ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کی جاسکتی ہے: ادھو ٹھاکرے

ممبئی، جولائی 26: مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھوو ٹھاکرے نے کہا کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کی سنگِ بنیاد کی تقریب کوویڈ 19 وبائی بیماری کے تناظر میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد کی جا سکتی ہے۔

ٹھاکرے، جو شیوسینا کے صدر بھی ہیں، نے کہا کہ رام مندر کا مسئلہ جدوجہد کا ایک پس منظر رکھتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا ’’یہ کوئی معمولی مندر نہیں ہے۔ آج ہم کورونا وائرس وبائی بیماری کا مقابلہ کررہے ہیں اور مذہبی اجتماعات ممنوع ہیں۔ میں اس تقریب کے لیے ایودھیا جاسکتا ہوں، لیکن سیکڑوں دیگر رام بھکتوں کا کیا؟ کیا آپ انھیں روکیں گے؟ آپ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ’’ای-بھومی پوجن‘‘ کرسکتے ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ رام مندر کے ٹرسٹ کے ممبروں کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کی رام مندر کی سنگ بنیاد کی تقریب میں 5 اگست کو شرکت کا امکان ہے۔

شیو سینا کے ترجمان ’’سامنا‘‘ میں این انٹرویو میں ادھو ٹھاکرے نے کہا ’’ایک ای-بھومی پوجn کیا جاسکتا ہے۔ سنگِ بنیاد کی تقریب ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد کی جاسکتی ہے۔ یہ خوشی کا واقعہ ہے اور لاکھوں افراد تقریب میں شرکت کے لیے دلچسپی لیں گے۔ کیا ہم کورونا وائرس پھیلنے دیں گے؟‘‘

مسٹر ٹھاکرے نے یاد دلایا کہ آخری بار جب وہ ایودھیا گئے تھے تو وبائی امراض کی وجہ سے انھیں سریو ندی میں آرتی کرنے سے روک دیا گیا تھا۔

انھوں نے کہا ’’اس سے پہلے میں نے دریا کے کنارے بہت زیادہ ہجوم دیکھا تھا۔ رام مندر عقیدے کی بات ہے۔ آپ لوگوں کو وہاں جانے سے کیسے روک سکتے ہیں؟‘‘