رام مندر بھومی پوجن سے پہلے بی جے پی رہنما وجے گویل نے دہلی میں بابر روڈ کے نشان پر بلیک کراس چسپاں کیا، نام تبدیل کرنے کا مطالبہ

نئی دہلی، اگست 5: دی انڈین ایکسپریس کے مطابق دہلی بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما وجے گویل نے ایودھیا میں رام مندر کی سنگ بنیاد کی تقریب سے قبل منگل کو قومی دارالحکومت میں بابر روڈ سڑک کے نشان پر کٹ کا نشان لگایا۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ مرکز اس سڑک کا نام ’’بابر روڈ‘‘ سے تبدیل کر کے ’’5 اگست روڈ‘‘ رکھے۔

گویل نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور نئی دہلی میونسپل کارپوریشن کو خط لکھ کر سڑک کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

گویل نے کہا ’’بابر ایک حملہ آور تھا جس نے ہندوستان پر حملہ کیا اور رام مندر کو منہدم کیا۔ وزیر اعظم ایودھیا میں ایک عظیم الشان مندر کی سنگ بنیاد تقریب انجام دینے جارہے ہیں۔ ایسے وقت میں بابر روڈ کا نام ’’5 اگست روڈ‘‘ رکھنا مناسب اقدام ہوگا۔‘‘

دہلی کے بی جے پی کے سابق صدر گویل اپنے کچھ حامیوں کے ساتھ دہلی کے اس علاقے میں گئے اور سائن بورڈ پر ’’بابر روڈ‘‘ کے نام پر بلیک کراس چسپاں کیا۔ اور وہاں ’’5 اگست روڈ‘‘ لکھ دیا۔

بی جے پی رہنما نے کہا کہ اب سے وہ اپنے لیٹر ہیڈ پر بھی ’’5 اگست روڈ‘‘ لکھنا شروع کردیں گے۔

پچھلے سال بھی ہندو سینا کے ایک گروپ نے بنگالی مارکیٹ میں بابر روڈ سائن بورڈ کو سیاہ کردیا تھا۔

این ڈی ایم سی کی سینئر انجینئر (برائے سڑک) ٹی ایم مینا نے بتایا ’’ہمیں یہ معلوم ہوا کہ کسی گروپ نے بابر روڈ بورڈ پر اسٹیکر چسپاں کیا تھا، لیکن ہم نے اسے اب ہٹا دیا ہے۔‘‘