دہلی تشدد میں 19 مساجد کو نقصان پہنچا، مرمت کا کام شروع کرنے جارہے ہیں: چیئرمین دہلی وقف بورڈ

نئی دہلی، مارچ 06- دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین اور عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے امانت اللہ خان نے جمعرات کے روز کہا کہ شمال مشرقی دہلی کے متعدد حصوں میں تشدد کے دوران 19 مساجد کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

انھوں نے اعلان کیا کہ وقف بورڈ ان تمام مساجد کی مرمت کا خرچہ برداشت کرے گا۔ جناب خان نے جمعرات کے روز 5 لاکھ روپے پیشگی کے طور پر وقف بورڈ کی مسجد کمیٹی کے سربراہ کے حوالے کردیے تاکہ مرمت کا کام شروع کیا جاسکے۔

انھوں نے ٹویٹ کیا ’’دہلی فساد میں 19 مساجد، جنھیں جلایا اور منہدم کیا گیا تھا انشاء اللہ کل سے دہلی وقف بورڈ کی مسجد کمیٹی ان تمام مساجد میں پوری طرح مرمت کا کام شروع کرنے جارہی ہے۔ آج دہلی وقف بورڈ نے ایڈوانس کے طور پر کمیٹی کو 5 لاکھ روپے دے دیے ہیں۔‘‘

 

یہ تشدد 23 فروری کو شمال مشرقی دہلی میں سی اے اے کے حامی اور مخالف مظاہرین کے مابین جھڑپوں کے بعد شروع ہوا تھا لیکن اگلے دو دن تک وہ مکمل فرقہ وارانہ تشدد میں بدل گیا، جس میں 50 سے زیادہ افراد ہلاک اور 300 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔ ایک ہزار کے قریب گھر، دکانیں اور گاڑیاں بھی فسادیوں نے لوٹ لی اور نذر آتش کر دیں۔