دوردرشن بی جے پی یا مودی کی نجی ملکیت نہیں ہے، جو ان کا پرچار کر رہا ہے: سی پی ایم
نئی دہلی، اپریل 19: سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے ہفتے کو عوامی براڈکاسٹر دوردرشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ حکمران بی جے پی کی ’’نجی ملکیت‘‘ نہیں ہے کہ ’’وہ ان کے عوامی تعلقات استوار کرتی ہے۔‘‘
پچھلے کچھ دنوں سے سرکاری چینل دوردرشن (ڈی ڈی) ملک بھر کے لوگوں کو وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دکھا رہا ہے اور بتا رہا ہے کہ انھوں نے حکومت کی مختلف اسکیموں سے کس طرح فائدہ اٹھایا ہے۔
یچوری نے ٹویٹ کیا ’’عوامی نشریاتی ادارہ عوامی پیسوں پر چلتا ہے اور اس کا مقصد عوامی خدمات انجام دینا ہے۔ یہ بی جے پی یا مودی کی نجی ملکیت نہیں ہے جہاں وہ اپنا پرچار کرتے ہیں۔ صحت عامہ کی ہنگامی صورت حال کے اہم وقت میں اس کے لیے ذمہ داران کو جوابدہ ہونا چاہیے۔‘‘
انھوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ناول کورونا وائرس پھیلنے سے پیدا ہونے والے بحران کے وقت حکومت ’’دولت مند امیروں کو فائدہ پہنچا رہی ہے۔‘‘
ایک ٹویٹ میں یچوری نے کہا ’’امیروں کے لیے 252 بسیں مفت۔ بھوکے تارکین وطن مزدوروں کے لیے لاٹھیوں کے سوا کچھ نہیں- بی جے پی نے اس طرح کی ایک اور سفاک یاد بنائی کہ ضرورت مندوں کے پیسوں سے امیروں کو فائدہ پہنچایا۔ امیر قرض لینے والوں کے لیے 7.76 لاکھ کروڑ روپے- غریبوں کے لیے 0 روپے۔‘‘
انھوں نے کہا ’’اگر بی جے پی حکومت اتراکھنڈ سے امیر عقیدت مندوں کے لگژری بسیں بھیج سکتی ہے اور گجرات اور یوپی میں راجستھان سے امیر گھرانوں کے 7،500 طلبا کے لیے 100 بسیں بھیجتی ہے تو، مرکز کو لازمی طور پر پھنسے ہوئے بھوکے مزدروں کے لیے بھی بندوبست کرنا ہوگا۔ ایسا نہیں کرنا جرم ہوگا۔‘‘