ملک بھر میں کوویڈ 19 کے واقعات 15،000 سے تجاوز کرگئے، مرنے والوں کی تعداد 507 ہوئی

نئی دہلی، اپریل 19: وزارت صحت اور خاندانی بہبود نے اتوار کے روز بتایا کہ ہندوستان میں کورونا وائرس کے معاملات کی مجموعی تعداد 15،712 ہوگئی ہے۔

وزارت کے مطابق مجموعی معاملات میں سے 12،974 معاملات فعال ہیں، 2،231 افراد علاج کے بعد فارغ کر دیے گئے ہیں، جب کہ 507 اموات کی اطلاع ہے۔

وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے مطابق مہاراشٹر اب تک بدترین متاثرہ ریاست ہے، جہاں مجموعی طور پر 3،651 واقعات ہیں۔ ان میں سے 365 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور 211 اموات کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

دہلی 1،893 معاملات کے ساتھ دوسری بد ترین متاثرہ ریاست ہے، ان میں سے 72 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ 42 مریض فوت ہوگئے ہیں۔

تمل ناڈو میں 1،372 کیس رپورٹ ہوئے جن میں سے 365 صحت یاب ہوچکے ہیں اور 15 اس وائرس سے دم توڑ چکے ہیں۔

راجستھان میں 1،351 کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں سے 183 افراد صحت یاب ہوئے ہیں، جب کہ 11 مریض فوت ہو گئے ہیں۔

مدھیہ پردیش میں 1،240 معاملات میں سے 127 مریض صحت یاب ہوئے ہیں، جب کہ 70 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ دوسری طرف اتر پردیش میں 805 کوویڈ 19 مثبت واقعات ہیں۔

کیرالہ میں، جس نے ملک کا پہلا COVID-19 کیس رپورٹ کیا تھا، 400 افراد کو کورونا وائرس مثبت پائے گئے ہیں۔