دنیا کی دو بڑی طاقتیں اتحاد کی راہ پر گامزن

امریکہ-چین: تعلقات بہتر ہونے کے آثار بہت کچھ واضح کررہے ہیں

اسد مرزا
سینئر سیاسی تجزیہ نگار

چین کی ترقیاں اور اس کے موقف نے عالمی لیڈرشپ کے زاویے بدل دیے
’’ اپریل کے اواخر میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن چین کے دورے پر تھے، بظاہر دورے کا مقصد ان دو سپر طاقتوں کے درمیان ہونے والی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے کوشش کرنا تھا۔ تاہم، اس دورے کے دوران الفاظ کی جنگ میں چین نے امریکہ پر سبقت حاصل کر لی ہے‘‘
اعلیٰ امریکی اور چینی سفارت کاروں نے اپریل کے اواخر میں بیجنگ میں باہمی بات چیت کے ایک نئے دور کی شروعات کی ہے، کیوں کہ دونوں سپر پاوروں نے دو طرفہ اور عالمی مسائل پر اپنے بڑھتے ہوئے اختلافات کو دور کرنے کی کوشش کی ہے جو پہلے سے کشیدہ تعلقات کو مزید تناؤ کا باعث بنا سکتے ہیں۔جب کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے دعویٰ کیا کہ تعلقات ’’مستحکم ہونے شروع ہو رہے ہیں‘‘ ان کے چینی ہم منصب وانگ یی نے یوکرین، تائیوان اور تجارتی مسائل سمیت متنازعہ موضوعات پر بات کرتے ہوئے چینی موقف کو بہت کھل کر واضح کیا ہے۔
بیجنگ میٹنگ میں وانگ نے واشنگٹن کو خبردار کیا کہ وہ خودمختاری، سلامتی اور ترقی پر چین کی سرخ لکیروں کو عبور نہ کرے، انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان ’منفی عوامل‘ بڑھ رہے ہیں کیوں کہ تعلقات کو ’’ہر قسم کی رکاوٹوں کا سامنا‘‘ ہے۔’’چین کے جائز ترقیاتی حقوق کو غیر معقول طور پر دبا دیا گیا ہے اور ہمارے بنیادی مفادات کو چیلنجز کا سامنا ہے۔‘‘ وانگ نے بلنکن سے یہ پوچھا کہ آیا دونوں ممالک کو آگے بڑھتے رہنا چاہیے یا پیچھے کی طرف لوٹ جانا چاہیے‘‘
بلنکن، جنہوں نے شنگھائی کا دورہ بھی کیا اور چین کے اپنے تین روزہ دورے کو مکمل کرنے سے پہلے صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کی ہے، کہا کہ انہوں نے بیجنگ کو فلپائن کے گرد اس کی جارحانہ منصوبوں کے بارے میں براہِ راست خبردار کیا اور امریکی اتحادی کا دفاع کرنے کا عزم کیا۔ بلنکن نے کہا کہ انہوں نے اعلیٰ رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران بیجنگ کے ’’بحیرہ جنوبی چین میں خطرناک منصوبوں‘‘ کے سوال کو اٹھایا ہے۔ اس سے پہلے بلنکن نے "ان علاقوں میں جہاں ہمارے اختلافات ہیں اور جہاں امریکہ کھڑا ہے” کے بارے میں بات چیت میں "بہت واضح اور بالکل براہ راست” ہونے کا وعدہ کیا تھا۔
بلنکن انسداد منشیات کے باہمی تعاون، ملٹری ٹو ملٹری کمیونیکیشن، مصنوعی ذہانت اور عوام سے عوام کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں حالیہ مہینوں میں ہونے والی پیش رفت کو آگے بڑھانے کی امید کر رہے تھے۔وانگ اور بلنکن دونوں نے مسلسل باہمی شکایات کے درمیان دونوں فریقوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی تناؤ کا بھی حوالہ دیا۔حالانکہ اس کے لیے خود امریکہ اور مغربی ممالک کو مورد الزام ٹھیرانا زیادہ بہتر ہے۔
بلنکن کا ایک سال سے بھی کم عرصے میں چین کا یہ دوسرا دورہ تھا، جس کا مقصد امریکی صدر جو بائیڈن اور ژی کے درمیان گزشتہ نومبر میں ہونے والی سربراہی ملاقات کے بعدبات چیت کے نئے دور کو شروع کرنا تھا، جہاں دونوں فریقین نے تعلقات کو تنازعات کی طرف جانے سے روکنے کے لیے اعلیٰ سطحی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔
اینٹونی بلنکن نے بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران شی پنگ نے بلنکن کو بتایا کہ دنیا کی دو بڑی معیشتوں کو ’’شراکت دار ہونا چاہیے، حریف نہیں۔‘‘انٹونی بلنکن اور ژی جن پنگ کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران تجارت، قومی سلامتی اور جغرافیائی سیاسی تنازعات پر بات بڑھنے کے باوجود گفتگو کے دروازے کھلے رکھنے کی تازہ ترین مثبت کوشش تھی۔
بیجنگ کے عظیم ہال آف دی پیپل میں ملاقات کے دوران، شی پنگ نے تین نئے اصول تجویز کیے: باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اور امریکہ کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے چین کا تعاون۔
شی پنگ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ امریکہ- چین کی ترقی کے بارے میں ’’مثبت نظریہ‘‘ بھی اپنائےگا۔ جب یہ بنیادی مسائل حل ہو جائیں گے تو تعلقات صحیح معنوں میں مستحکم ہو سکتے ہیں،مزیدبہتر ہو سکتے ہیں اور آگے بھی بڑھ سکتے ہیں۔
تاہم یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان ایک ساتھ مل کر کام کرنے والے موضوعات کی فہرست تیزی سےکم ہورہی ہے اور تصادم کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔ لیکن یہ گزشتہ دنوں واضح ہو گیا تھا کہ دونوں ممالک اپنی کوششوں کو بچانے کی کوشش مثبت انداز میں کر رہے ہیں۔
یوکرین پر حملے کے بعد روس کے ساتھ چین کی بڑھتی ہوئی قربت نے بھی امریکی اعتماد کو کم کیا ہے۔ بلنکن نے رپورٹس کو بتایا کہ اپنی بات چیت کے دوران، انہوں نے عوامی جمہوریہ چین کی جانب سے یوکرین کے خلاف روس کی جارحیت کی وحشیانہ جنگ کو طاقت دینے والے اجزاء فراہم کرنے کے بارے میں امریکی تشویش کا اعادہ کیا ہے۔
اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے بلنکن کے سفر سے پہلے رپورٹ کیا تھا کہ اگر چین روس کو دوہرے استعمال سے دفاعی سازو سامان کی برآمدات کوکم نہیں کرتا ہے تو امریکہ کچھ چینی بینکوں کو عالمی مالیاتی نظام سے ہٹانے کی دھمکی دے سکتا ہے۔
دونوں ممالک کے حکام نے کہا کہ انہوں نے چند چھوٹے، عملی محاذوں پر پیش رفت حاصل کی ہے، جس میں آنے والے ہفتوں میں مصنوعی ذہانت کے بارے میں امریکہ اور چین کے درمیان پہلی بات چیت کا آغاز بھی شامل ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنی فوجوں کے درمیان رابطوں کو بہتر بناتے رہیں گے اور ثقافتی تبادلے میں اضافہ کریں گے۔لیکن بنیادی تزویراتی مسائل پر، فریقین نے بات چیت کے دوران مثبت اندازِ مذاکرات اپنانے کی کوشش کی اور وہ مزید تنازعات میں پھنسنے کے امکان سے بھی محتاط نظر آئے۔
دریں اثنا، چین کے اپنے تین روزہ دورے کے اختتام پر سی این این کے ساتھ ایک انٹرویو میں، مسٹر بلنکن نے کہا کہ وہ صدر جو بائیڈن کی ایک انتباہ کا اعادہ کریں گے۔
انہوں نے نومبر 2023 کے سربراہی اجلاس کے دوران اس تنبیہ کو دہرایا، جس میں مسٹر بائیڈن نے مسٹر شی پنگ سے کہا تھا کہ چین 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات میں مداخلت کرنے کی کوشش نہ کرے۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں امریکہ کو اس سال کے آئندہ عام انتخابات میں ’’اثرانداز اور دلیل کے ساتھ مداخلت‘‘ کرنے کی چینی کوششوں کے بارے میں معلوم ہوا ہے اور وہ انہیں روکنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
چین کا دعویٰ ہے کہ وہ دوسرے ملکوں کے اندرونی معاملات میں ملوث نہیں ہوتا، لیکن کئی سالوں سے بیجنگ، اس کے اتحادی اور ملحقہ کئی ممالک کی جانب سے انتخابات میں مداخلت کے الزامات کا نشانہ بنا ہے۔
اس ماہ کے شروع میں، مائیکروسافٹ نے خبردار کیا تھا کہ چین 2024 میں امریکہ، ہندوستان اور جنوبی کوریا میں ہونے والے انتخابات میں خلل ڈالنے کے لیے AI کا استعمال کر سکتا ہے۔ سیاسی پارٹیاں چین مخالف سمجھے جانے والے کچھ امیدواروں کو جیتنے سے روکنے اور چین کے حامی سمجھے جانے والے کچھ امیدواروں کی حمایت کرنے کے خیال کے ساتھ اپنی مداخلتی کارروائیاں انجام دیتی ہیں۔
مجموعی طور پر، یہ دورہ بیان بازی سے پُر تھا، ایسا لگتا ہے کہ اس سے امریکہ کو کچھ زیادہ حاصل نہیں ہوا لیکن دورے نے بہت سے متنازعہ معاملات پر چین کو اپنے موقف کو دہرانے کا موقع اور چین کو امریکہ پر سبقت حاصل کرنے کا بھی ایک سنہری موقع دیا ہے۔ اس دوران چین یوکرین پر روس کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے، بحیرہ جنوبی چین میں اپنے پڑوسیوں کے لیے مسلسل دردِ سر بن ہوا ہے اور تائیوان پر اپنا حق جتارہا ہے، اور بڑے تجارتی اور تکنیکی مسائل پر بین الاقوامی خلل ڈال رہا ہے اور اس دوران اپنی فوج کو اور مضبوط کرنے کے ساتھ وہ مغربی ممالک کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے، جسے آسانی سے حل نہیں کیا جاسکتا۔
***

 

***

 انٹونی بلنکن نے بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران شی پنگ نے بلنکن کو بتایا کہ دنیا کی دو بڑی معیشتوں کو ’’شراکت دار ہونا چاہیے، حریف نہیں۔‘‘انٹونی بلنکن اور ژی جن پنگ کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران تجارت، قومی سلامتی اور جغرافیائی سیاسی تنازعات پر بات بڑھنے کے باوجود گفتگو کے دروازے کھلے رکھنے کی تازہ ترین مثبت کوشش تھی۔


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 12 مئی تا 18 مئی 2024