!غزہ میں اسرائیلی نسل کشی، مسلم ممالک کی خاموشی

اہل غزہ کی غیرمعمولی قربانیاں ایک نئی صبح کی نقیب

ڈاکٹر ظفرالاسلام خان

اسرائیل اوراس کے یار اپنے مقاصد میں ناکام
غزہ کی بدولت عرب اوراسلامی ممالک میں بھی ایک نئی عوامی بیداری کی امید
پچھلے ۷؍اکتوبر۲۰۲۳ کو حماس اور الجہاد الاسلامی نامی مزاحمتی تنظیموں کےاسرائیل کے کچھ علاقوں پرحملے اور وہاں سے کچھ اسرائیلیوں، بالخصوص فوجیوں، کو یرغمال بنا کر غزہ میں لانے کے بعد ۸؍اکتوبر سے غزہ پر اسرائیل کابحری، بری اور ہوائی حملہ سات ماہ سے جاری ہے۔ اس دوران غزہ کی ۷۰فیصد بلڈنگوں کو زمین بوس کر دیا گیا ہے، تقریباً ۳۴ہزار فلسطینیوں کو قتل کیا گیا ہے،۷۳ہزار کو زخمی کیا گیا ہے اور ۱۳ہزار فلسطینی بچوں کو یتیم بنایا گیا ہے۔ غزہ کی تمام نو یونیورسٹیوں، لاتعداد اسکولوں اور مسجدوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔بجلی، پانی،سیور لائن، انٹرنیٹ اور ٹیلیفون وغیرہ کے سسٹم برباد کر دیے گئے ہیں۔
کھانا اور دوائیوں کے باہر سے آنے پر شدید پابندی نافذ کر دی گئی ہیں۔ بغیر علاج کے لوگ زخموں اور بیماریوں سے اور بغیر غذا اور پانی کے بھوک سے مر رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پچھلے سو سال میں پہلی اور دوسری عالمگیر جنگوں سمیت دنیا کے کسی علاقے میں اتنی تباہی نہیں مچائی گئی ہے۔یہ سب سات ماہ سے ہو رہا ہے اور غزہ کے عین پڑوسی ملک، مغرب میں مصر ، جنوب میں سعودی عرب اور مشرق میں اردن خاموش ہیں بلکہ جو کچھ ہو رہا ہے زبان حال سے اس کی تایید کر رہے ہیں۔ تنظیم تعاون اسلامی (او-آئی-سی)کے تمام ۵۸ممبران بھی زبان حال سے خاموش ہیں سوائے ایران اور ایک حد تک ترکی کے۔صرف کچھ غیرحکومتی تنظیمیں جیسے لبنان کی حزب اللہ اور الجماعۃالاسلامیۃ، عراق کی الحشد الشعبی اور یمن کی انصاراللہ ایک حد تک اسرائیل پرحملے کر کے اس کو پریشان کر رہے ہیں لیکن اتنا نہیں کہ وہ غزہ کو چھوڑنے پرمجبور ہو جائے۔
سایکس پیکونظام اب بھی قائم ہے
یہ سوچنا ہوگا کہ عرب اور اسلامی ممالک آخر اتنے مجبور کیوں ہیں؟ درحقیقت مشرق وسطیٰ کے ممالک سو سال سے زیادہ سے سایکس پیکوSykes-Picot نظام کے تابع ہیں۔ اس معاہدے کے تحت پہلی جنگ عظیم کے شروع میں برطانیہ، فرانس اورقیصری روس نے مل کر عرب دنیا کے مشرقی حصے کو آپس میں بانٹ لیا تھا اور یہ فیصلہ بھی کر دیا تھا کہ مغرب کے مفادات کے محافظ کے طور پر علاقے کی سب سے مرکزی جگہ (فلسطین) میں یہودی ’’ قومی وطن‘‘ بنایا جائے گا۔ اسی دوران جھوٹے طور سے برطانیہ نے شریفِ مکہ حسین بن علی سے خفیہ معاہدہ کیا کہ اگروہ جنگ میں ترکیوں کے خلاف برطانیہ کی مدد کریں تو ان کو ’’عرب ممالک کا
Israeli genocide in Gaza-Arab countries silence-urdu-1-5-24/zikart–2
بادشاہ ‘‘ بنا دیا جائے گا۔ اس کے بعد حسین بن علی نے عرب قبائل کو اکسا کربرطانوی جاسوس لارنس (جو بعد میں لارنس آف عربیہ کے نام سے مشہور ہوا) کی قیادت میں ترکی فوجوں پر مشرق میں حملہ کرنا شروع کیا جبکہ مغرب میں ترکی اس وقت برطانیہ اور فرانس کی فوجوں سے برسر پیکار تھا۔ اسی دوران نومبر ۱۹۱۷ میں روس میں بالشویک انقلاب آ گیا۔ انہیں قیصر روس کی دستاویزات میں سایکس پیکو معاہدے کی کاپی ملی ۔ اول تو انہوں نے روس کو اس معاہدے سے الگ کر لیا، دوسرے انہوں نے اس معاہدے کی ایک کاپی شریف مکہ کو بھیج دی کہ دیکھو تمہارے حلیف رازدارانہ طور سے کیا سازش رچ رہے ہیں۔سادہ لوح شریف حسین نے وہ کاغذات مصر میں برطانوی ریزیڈنٹ کے پاس بھیج کر پوچھا کہ کیا صحیح ہے؟ درحقیقت ان کی برطانیہ سے بات چیت قاہرہ میں برطانوی سفارت خانےکے ذریعے ہو رہی تھی۔ وہاں سے ان کو جواب آیا کہ ’’ یہ بالشویک دماغ کی ایجادہے‘‘ (figment of Bolshevik imagination)۔ یہ جواب پا کر شریف حسین اطمینان سے بیٹھ گئے جب کہ جنگ ابھی چل رہی تھی اور ایک سال بعد نومبر ۱۹۱۸میں ختم ہوئی۔
جنگ ختم ہونے کے بعد فلسطین میں یہودیوں کے بسانے کا سلسلہ فوراً شروع ہو گیا جو بالآخر ۱۹۴۸ میں اسرائیل کے قیام پر منتج ہوا۔ دوسری طرف فلسطین، شام بشمول موجودہ لبنان، عراق اور کویت وغیرہ کو برطانیہ اور فرانس نے آپس میں بانٹ لیا۔ بڑی کشمکش کے بعد برطانیہ نے شریف حسین کے ایک بیٹے فیصل کو عراق کا بادشاہ بنا دیا اور دوسرے بیٹے عبداللہ کو شرق اردن(موجودہ اردن) کا امیربنا دیا جبکہ خود شریف حسین کو گرفتار کرکے قبرص میں نظر بند کردیا۔ لیکن یہ
سب علاقے بشمول مصر، سعودی عرب اور خلیج کی امارتیں، برطانیہ کے زیرِاثررہے جبکہ کچھ علاقے (شام بشمول لبنان) فرانس کے زیراِثر رہے۔پہلی جنگ عظیم کے ختم ہونے پر معاہدۂ سیفر Treaty of Sèvres۔(۱۰؍اگست۱۹۲۰) کے تحت ترکی میں خلافت کا خاتمہ کردیا گیا، مشرق وسطیٰ اورشمالی افریقہ میں ترکی کو اپنے علاقوں سے محروم کیا گیا، آرمینیا کو آزادی دی گئی،کردوں کے لیے خودمختار علاقہ بنایا گیا اور یونان کا ترکی کے کچھ علاقوں پر قبضہ تسلیم کیا گیا۔ اس معاہدے کو ترکی کی نئی حکومت نے ماننے سے انکار کر دیا۔ اس کےبعد جولائی۱۹۲۳ میں لوزان کا معاہدہ عمل میں آیا جس پر ترکی کی نئی حکومت نےدستخط کیے۔ اس معاہدے کے ذریعے حلیف طاقتوں نے ترکی کی موجودہ سرحدوں کو تسلیم کیا ۔ ترکی کو اپنےدوسرے تمام املاک کے ساتھ قبرص اور بعض جزیروں سےدستبردار ہونا پڑا ۔ اسی کے ساتھ ترکی کو سو سال کے لیے بہت سے حقوق سےمحروم کر دیا گیا جس میں بڑی فوج قائم کرنے ، فوجی انڈسٹری قائم کرنے ، ملک کے اندر اور ساحلوں کے پاس پٹرول کی تلاش پر پابندی لگائی گئی اور آبنائےباسفورس کو ساری دنیا کے لیے مفت کھول دیا گیا جبکہ اسی طرح کی سوئز کنال اور پناما کنال سے بحری جہاز پیسے دے کر گزرتے ہیں۔
Israeli genocide in Gaza-Arab countries silence-urdu-1-5-24/zikart–3
پہلی جنگ عظیم کے بعد درپردہ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے تمام ممالک پر برطانیہ اور فرانس کا براہ راست یا بالواسطہ تسلط جاری رہا۔ دوسری جنگ عظیم کے نتیجے میں برطانیہ اور فرانس دونوں نڈھال ہو گئے جس کی وجہ سے یہ سب علاقے نئی تنومند طاقت امریکہ کے زیرِاثر آ گئے۔ دوسری جنگ عظیم میں برطانیہ کی کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یہودیوں نے فلسطین میں اسرائیل کی بنیاد مئی۱۹۴۸ میں رکھ دی۔ امریکہ اور روس نے اسے فوراً تسلیم کر لیا۔
نیا آقاامریکہ کے چودھری بننے کے بعد جس ملک نے بھی ذرا سی آزاد روی دکھائی اس کو فوجی انقلاب کے ذریعے دوبارہ غلام بنا لیا گیا۔ یوں مصر میں جولائی ۱۹۵۲ میں جمال عبدالناصر کا انقلاب لایا گیا۔ایران میں اگست ۱۹۵۳ میں مصدق کی حکومت توڑ ی گئی۔ عراق، شام، یمن، سوڈان اور لیبیا وغیرہ میں فوجی انقلاب لائے گئے۔اس غلامی میں یہ بھی شامل تھا کہ عرب ممالک اپنی شدید اندرونی ضرورت کے علاوہ ہتھیار نہیں خریدیں گے۔ جب مصر نے اس خفیہ پالیسی کی خلاف ورزی کرکے روس کے ذریعے چیکوسلوواکیہ سے۱۹۵۵ میں اسلحے خریدے تو مصر بھی دشمن بن گیا۔اب برطانیہ، فرانس اور اسرائیل نے اکتوبر ۱۹۵۶ میں مشترکہ حملہ کرکے صحرائے سینا بشمول نہر سوئز پر قبضہ کر لیا۔ اس کو امریکہ نے برطانیہ اورفرانس کے اس علاقے پر دوبارہ قبضہ کرنے کی کوشش سمجھا اور ان کو وہاں سےنکلنے پر مجبور کیا۔ پھر امریکہ کے ایماء پر اسرائیل نے مصر، اردن اورشام پرجون۱۹۶۷ میں حملہ کیا۔ اکتوبر۱۹۷۳ میں مصر اور شام نے اپنی زمینیں واپس لینےکی کوشش کی۔ شام تو کامیاب نہیں ہو سکا لیکن مصر نے صحرائے سینا کا ایک تہائی حاصل کر لیا۔ اس کے بعد طویل مباحثات کے نتیجے میں مصر نے اسرائیل کوتسلیم کر لیا لیکن شام کی گولان کی پہاڑیوں، غزہ اور مغربی کنارے پر اسرائیل کا قبضہ باقی رہا۔فلسطینیوں کی مزاحمتی تحریک فتح وغیرہ نے مسلح جدوجہد جاری رکھی لیکن بیروت پر ۱۹۸۲ میں اسرائیلی حملے کے بعد انہوں نے ہار مان لی اوربالٓاخر اوسلو معاہدے(۱۹۹۲) کے تحت اسرائیل سے صلح کر لی جس کے تحت پانچ سال کے اندر فلسطینی ریاست قائم ہونی تھی لیکن وہ آج تک قائم نہیں ہو سکی اور جوعلاقے فلسطینی ریاست کو دینے تھے وہاں دھیرے دھیرے سیکڑوں یہودی نوآبادیاں قائم ہو گئیں جس کی وجہ سے مستقبل میں کسی فلسطینی ریاست کے قائم ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اگر اوسلو معاہدہ نافذ ہو گیا ہوتا تو فلسطینی مزاحمت بھی ختم ہو گئی ہوتی۔اسی زمانے میں فروری سنہ ۱۹۷۹ میں ایران میں اسلامی انقلاب اسی غلامی سے نجات کے لیے آیا۔ نتیجتاً تب سے تمام مغربی ممالک ایران کا محاصرہ کئےہوئے ہیں اور اس پر طرح طرح کی عقوبات (Sanctions) نافذ کیے ہوئے ہیں۔
Israeli genocide in Gaza-Arab countries silence-urdu-1-5-24/zikart–4
صدام حسین، حافظ الاسد اور قذافی وغیرہ نے جب ذرا سی بغاوت کا اشارہ دیا تو ان کو بھی توڑ دیا گیا۔حالات سدھارنے کا موقعہ گنوا دیا گیا سایکس پیکو زدہ عرب ممالک کو حالات سدھارنے کا ایک سنہری موقع ’’سردجنگ‘‘ کے دوران ملا تھا جب دنیا بڑی حد تک دو کیمپوں میں تقسیم ہو گئی تھی۔ ایک امریکہ کے ساتھ تھا تو دوسرا سوویت یونین کے ساتھ۔ یہ سلسلہ بیسویں صدی کےپانچویں دہے سے لے کر بیسویں صدی کے نویں دہے تک چلااور سوویت یونین کےاپنے داخلی تناقضات کا شکار ہو کر بکھرنے کی وجہ سے ختم ہوا۔ اس لمبے عرصےمیں متعدد عرب ممالک نے خود کو سوویت کیمپ سے جوڑ لیا جس میں مصر، شام،عراق، سوڈان اور یمن شامل تھے جبکہ تمام دوسرے ممالک امریکی کیمپ میں تھے۔بعد میں ستمبر ۱۹۶۹ کے انقلاب کےبعد لیبیا بھی سوویت کیمپ میں شامل ہو گیا۔یہ موقعہ تھا کہ یہ عرب ممالک سایکس پیکو کی قیود سے آزاد ہو کر ہر قسم کی ترقی کرتے لیکن انہوں نے سیاسی طور پر سوویت ماڈل کو اختیار کیا جس میں ایک پارٹی کی حکومت، آزادیوں کا مکمل فقدان، مرکزی پلاننگ اور سیاسی مخالفین کے ساتھ سخت ترین رویہ رکھنا شامل تھا۔ اس پر طرہ یہ ہوا کہ ان سارے ممالک نےسوویت یونین کی خفیہ پولیس ( کے جی بی) یا کمیونسٹ مشرقی جرمنی کی خفیہ پولیس (ستاسی) سے اپنے ممالک کی خفیہ پولیس کی ٹریننگ کرائی جس کی وجہ سےمعمولی سے معمولی مخالفت کرنے والوں کے ساتھ بدترین سلوک، تعذیب، جیل اورپھانسی تک کی سزائیں دی جانے لگیں۔ نتیجے میں سوویت گولاگ عرب ملکوں میں بھی پیدا ہو گئے ۔ عوام آزاد سوچ اور امنگوں کے مطابق ترقی کرنے کے مواقع سےمحروم ہو گئے اور ایک منافق معاشرہ وجود میں آیا جس میں اکثر لوگ حاکم کی چاپلوسی کرتے یا کم ازکم اس کی چیردستیوں کو خاموشی سے سہتے۔
نیا سایکس پیکوانور السادات کے صدر بننے کے بعد دھیرے دھیرے مصر امریکی کیمپ میں منتقل ہو گیا۔دوسرے ممالک جو بچے تھے وہ بھی سوویت یونین کے ۱۹۹۱ میں بکھرنے کےبعد نہ چاہتے ہوئے بھی امریکی کیمپ کا حصہ بن گئے ۔ جو نہ بنے ان کو امریکہ نے سوویت یونین کے ٹوٹنے کی وجہ سےدنیا کا واحد سپرپاور بننے پر تباہ و برباد کر دیا جن میں افغانستان، عراق، شام، لیبیا اور یمن شامل ہیں۔ نتیجتاٌ یہ سب ممالک بھی ایک نئے سایکس پیکو عہد میں داخل ہو گئے جس کا قائد اب امریکہ ہے۔ اب ایران کے علاوہ اس بڑے خطے میں امریکہ کی مرضی کے خلاف کوئی بڑی پالیسی نہیں بنتی اور نہ ہی کوئی بڑا اقدام ہوتا ہے۔ اور یہی ہے وہ سبب جس کی وجہ سے غزہ میں غیرمعمولی اسرائیلی مظالم کے باوجود عرب ممالک زیادہ تر خاموش ہیں یا کھلے عام یا در پردہ اسرائیل اور امریکہ کی مدد کر رہے ہیں۔
Israeli genocide in Gaza-Arab countries silence-urdu-1-5-24/zikart–5
یہی وہ صورت حال ہے جس کی وجہ سے حماس اور الجہاد الاسلامی وغیرہ نے فوجی تیاری کی۔ ۲۰۰۶ کے بعد سے متعدد بار ان کی اسرائیل سے لڑائی ہوئی ہے لیکن ۷؍اکتوبر۲۰۲۳ کا حملہ پچھلی ساری کوششوں سے بڑا تھا۔ اس کا سبب اس کےعلاوہ کچھ نہیں تھا کہ اسرائیل نے فلسطین کے کچھ علاقوں پر ۱۹۴۸ سے اورباقی ماندہ علاقوں پر ۱۹۶۷ سے قبضہ کر رکھا ہے اور اس کی ان علاقوں کوچھوڑ نے کی کوئی نیت نہیں بلکہ وہ زمین پر ایسے ’’ حقائق‘‘ مسلسل بناتا جا رہا تھاجس کی وجہ سے مستقبل میں فلسطین کے کسی چھوٹے سے علاقے پر بھی آزاد حکومت کے قائم ہونے کا کوئی امکان نہیں رہ گیا ہے۔
حماس کا حملہ حق خود ارادیت کا استعمال ہے۔۷؍اکتوبر۲۰۲۳ کو حملہ کر کے فلسطینیوں نے اپنے حق مزاحمت کا استعمال کیا ہےجو بین الاقوامی قانون کے تحت مقبوضہ علاقوں کے لوگوں کا حق ہے۔ اس لیے اس حملے کو کسی طرح غلط نہیں ٹھیرایا جا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسرائیل کےغیرمعمولی فوجی انتقام کے خلاف پہلے جنوبی افریقہ کی حکومت ہیگ (ہالینڈ) میں اقوام متحدہ کے تحت قائم بین الاقوامی عدالت نے چارہ جوئی کی اور بڑی حد تک اسرائیل کو ننگا کرنے اور اس کے خلاف عارضی آرڈر جاری کرانے میں کامیاب رہی (مستقل آرڈر آنے میں حسب معمول کافی وقت لگے گا)۔ اس کے بعد دنیا کے۵۲ملکوں نے مل کر بین الاقوامی عدالت میں ایک اور مقدمہ اسرائیل کے ۱۹۶۷ سےفلسطینی علاقوں پر مسلسل قبضے کے خلاف قائم کیا ہے۔ یہ مقدمہ ابھی چل رہا ہےاور اس کا فیصلہ آنے میں کافی وقت لگے گا۔افسوس ہے کہ ان امور میں اکثر عرب اور اسلامی ممالک کا کوئی رول نہیں ہے اور نہ ہی کسی نے پہل کی ہے۔نکاراگوا، کیوبا، مالی، نائیجر، موریطانیا، مالدیپ،کولمبیا اور بولیویا نے غزہ میں نسل کشی کی وجہ سے اسرائیل سے سفارتی تعلقات توڑ لیے ہیں جبکہ چلی، ہنڈوراس، بیلیز، جنوبی افریقہ، چاڈ، ترکی، اردن اور بحرین نے اسرائیل سے اپنے سفراء واپس بلا لیے ہیں۔ کسی بڑےعرب یا مسلم ملک کواسرائیل سے تعلقات توڑنے کی توفیق نہیں ہوئی۔مصر کی سرحد غزہ سے براہ راست ملتی ہے۔ اگر وہ چاہتا تو غزہ میں اسرائیل کو اتنی آزادی نہ ملتی اور نہ ہی وہاں بھکمری کی صورتحال پیدا ہوتی۔ لیکن چونکہ یہ سب ممالک امریکہ کے غلام ہیں، اس لیے کسی کی ہمت کوئی بڑا کام کرنے کی نہیں ہے حالانکہ جب بھی انہوں نے ماضی میں ہمت کی تو مغرب دہل کر رہ گیا جیسے ۱۹۷۳ میں پٹرول پر پابندی کا اعلان جو کہ عملاً لاگو نہیں ہوا لیکن اس کے صرف اعلان نے ہی مغربی ممالک کو بدحال کر دیا تھا۔ اس کے کچھ دن بعد اس پالیسی کے سرخیل شاہ فیصل کو سازش کے تحت قتل کرا دیا گیا تھا۔
عرب بہاریہ کا خوف
Israeli genocide in Gaza-Arab countries silence-urdu-1-5-24/zikart–6
اس سیاسی غلامی کے خلاف سنہ۲۰۱۰ میں عرب بہاریہ (عرب اسپرنگ) شروع ہوئی جس کے تحت کم ازکم مصر اور تونس میں آزاد حکومتیں قائم ہوئیں لیکن جلدہی ان حکومتوں کا تختہ پلٹ دیا گیا اور امریکہ نواز عوام دشمن حکومتیں وہاں پھر قائم ہو گئیں۔ اس صورتحال کی وجہ سے تمام عرب ممالک میں قائم حکومتیں پریشان ہیں۔ چاہے وہ شاہی ہوں یا فوجی یا ’’جمہوری‘‘ وہ سب ڈکٹیٹرشپ ہیں جن کو عوام کی تایید نہیں ہے اور وہ امریکہ کی چھترچھایا میں رہتی ہیں۔ اسی
وجہ سے کسی حکومت کی ہمت نہیں ہے کہ امریکہ کی مرضی کے خلاف اسرائیل سے ٹکر لے یاموجودہ صورتحال میں حماس اور الجہاد الاسلامی کی مدد کرے۔ بلکہ بعض حکومتیں در پردہ اسرائیل کی مدد کر رہی ہیں کیونکہ ان کو لگتا ہے کہ اگر حماس غزہ میں کامیاب ہو گئی تو ان کی گدی کو بھی خطرہ لاحق ہوجائے گا اور عرب بہاریہ کی صورت حال دوبارہ پیش آ سکتی ہے۔الاخوان المسلمون کا خوف عرب حکومتوں کی حماس کے تئیں بےرخی کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ وہ اسے الاخوان المسلمون کی ایک شاخ سمجھتے ہیں۔ ان کو ڈر ہے کہ حماس کی سرفرازی کے بعدفلسطین پر اسی کی حکومت قائم ہو گی اور یہ سب عرب حکومتوں کے لیے فال شر ہو گا کیونکہ ۲۰۱۲ میں مصر میں الاخوان المسلمون کی حکومت کے قیام کی وجہ سے تمام عرب حکومتوں کو یہ خدشہ لاحق ہو گیا تھا کہ اگر کہیں الاخوان المسلمون سیاسی طور سے مستحکم ہوگئے تو اس کے اثرات ان کے ملکوں تک ضرور پہنچیں گے۔ حماس نے اس تأثر کو زائل کرنے کی بہت کوشش کی ہے۔ اس نے بار بار کہا ہے کہ اس کی بنیاد ضرورفلسطین میں الاخوان المسلمون کے لوگوں نے ڈالی ہے لیکن وہ ایک وطنی حریت پسند تحریک ہے جس کا فلسطین کے باہر کے معاملات میں کوئی عمل دخل نہ پہلے رہا ہےاور نہ ہی مستقبل میں ہوگا۔ لیکن یہ یقین دہانی عرب حکومتوں کے لیے کافی نہیں ہے۔اب غزہ کی صورت حال یہ ہے کہ اس بزدلی اور سازش کے باوجود حماس اورالجہاد الاسلامی کامیاب ہو چکے ہیں۔ اسرائیل ناکام ہو چکا ہے۔ اسرائیل کی پشت پناہی کرنے والا امریکہ بھی اپنے مقاصد میں ناکام ہو چکا ہے۔ دیر سویر نہ صرف غزہ اور فلسطین میں ایک نئی صبح طلوع ہونے والی ہے بلکہ اس کے اثر سے عرب اوراسلامی ممالک میں بھی ایک نئی عوامی بیداری آئے گی۔ غزہ کے لوگوں کی غیرمعمولی قربانیاں ایک نئی صبح کے طلوع میں مددگار ثابت ہوں گی۔

 

***

 ۷؍اکتوبر۲۰۲۳ کو حملہ کر کے فلسطینیوں نے اپنے حق مزاحمت کا استعمال کیا ہےجو بین الاقوامی قانون کے تحت مقبوضہ علاقوں کے لوگوں کا حق ہے۔ اس لیے اس حملے کو کسی طرح غلط نہیں ٹھہرایا جا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسرائیل کےغیرمعمولی فوجی انتقام کے خلاف پہلے جنوبی افریقہ کی حکومت ہیگ (ہالینڈ) میں اقوام متحدہ کے تحت قائم بین الاقوامی عدالت نے چارہ جوئی کی اور بڑی حد تک اسرائیل کو ننگا کرنے اور اس کے خلاف عارضی آرڈر جاری کرانے میں کامیاب رہی۔


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 12 مئی تا 18 مئی 2024