دلتوں کو ایودھیا میں رام مندر کی تقریب سے دور رکھا گیا ہے، بی جے پی کے اتحادی اپنا دل (ایس) کے ایم ایل اے نے اٹھائے سوال

نئی دہلی، 4 اگست: اپنا دل (ایس) کے ایم ایل اے چودھری امر سنگھ نے دعوی کیا ہے کہ ایودھیا میں رام مندر کی سنگِ بنیاد کی تقریب کے لیے دعوت ناموں میں توسیع کیے جانے کے باوجود دلتوں کو نظرانداز کیا گیا ہے۔

پیر کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے مندر کی تعمیر کے لیے جو جلدی دکھائی ہے اسے غریبوں کو مکانات اور پنشن دینے کے لیے بھی دکھایا جانا چاہیے۔

مسٹر مودی بدھ کے روز ایک بڑے پروگرام میں شرکت کرنے والے ہیں جس کے لئے تیاریاں زوروں پر ہیں۔

اتر پردیش میں بی جے پی کے اتحادی اپنا دل (ایس) کے ایم ایل اے نے کہا ’’دلت اور پس ماندہ طبقے والے ایودھیا بھومی پوجن کی تقریب میں شرکت سے محروم رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے مندر کے لیے جو جلد بازی کا مظاہرہ کیا ہے اسے غریبوں کو مکان اور پنشن دینے کے لیے بھی دکھایا جانا چاہیے۔ ان لوگوں کا چہرہ نہیں دیکھا گیا جنھوں نے مندر کے لیے جدوجہد کی تھی۔ ان کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ مندر کی تعمیر کے لیے قائم کردہ ٹرسٹ میں پسماندہ، ایس سی اور ایس ٹی برادری کے لوگ نہیں ہیں۔‘‘

انھوں نے مزید کہا ’’یہ ایک ’’وید پرتھا ٹرسٹ‘‘ ہے اور ایسا لگتا ہے کہ بھگوان رام صرف بی جے پی کے ہیں۔‘‘

شہرت گڑھ حلقہ کے ایم ایل اے نے مزید کہا کہ صدر رام ناتھ کووند کو بھی اس تقریب کے لیے مدعو کیا جانا چاہیے تھا۔

انھوں نے کہا ’’ہمیں یاد ہے کہ کانگریس کے دور حکومت میں اس وقت کے صدر بوٹا سنگھ نے ’شیلانیاس‘ کیا تھا اور وہ ایک ایس سی تھے۔‘‘